خلیجی ریاست عمان میں بھی پی آئی اے کی پروازیں بند ہونے کا خطرہ

عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ پی آئی اے کو ان کی فضائی حدود کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 جولائی 2020 11:21

خلیجی ریاست عمان میں بھی پی آئی اے کی پروازیں بند ہونے کا خطرہ
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جولائی 2020ء) پی آئی اے اس وقت اپنی ساکھ بچانے کے حوالے سے بحرانی دور سے گزر رہی ہے، یورپی یونین، امریکا اور دیگر کئی ممالک نے پائلٹس کی مشکوک ڈگری کے معاملے پر پی آئی کے پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔ جس کے بعد پی آئی اے کا مالی خسارہ شدید تر ہونے جا رہا ہے۔ اب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے ) کے لیے ایک اور بُری خبر آ گئی ہے۔

روزنامہ ڈان کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کو عمان کی فضائی حدود کی بندش کا خطرہ درپیش ہے۔پی آئی اے کی سیفٹی کے حالیہ معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ پی آئی اے کو ان کی فضائی حدود کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عمانی حکام نے اسلام آباد سے یہ بھی کہا کہ وہ یہ بتائے کہ پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان سی اے اے نے عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بتایا کہ جن پائلٹس کو پرواز کرنے کی اجازت دی گئی تھی ان تمام کے کوائف کی جانچ اجازت دینے سے قبل جاچکی تھی۔تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے عمانی ایوی ایشن حکام کو یقین دلایا ہے کہ فلائٹ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے تمام پائلٹس کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔

عمانی حکام کو مزید بتایا گیا کہ پاکستانی حکام نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر چند برس قبل پائلٹس کی جانچ پڑتال شروع کی تھی۔اگرچہ عمانی سی اے اے نے سرکاری طور پر وہاں موجود پاکستانی پائلٹس کی تصدیق کے لیے کوئی مخصوص فہرست نہیں ارسال کی لیکن حکام نے صرف اسلام آباد سے یہ وضاحت طلب کی ہے کہ پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تاکہ پی آئی اے کو عمان کی فضائی حدود کے استعمال سے نہ روکا جائے۔

علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ جب پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت اقتدار میں آئی تو جانچ پڑتال کا عمل تیز ہوا لیکن ہمارے پائلٹ لائسنس کبھی جعلی نہیں ہوتے، بعض اوقات صرف قانوناً درست ہونے کے مسائل ہوتے ہیں۔ امتحانات میں بے ضابطگی ہوئی تھی جس کے بعد ان پائلٹس کو فرانزک رپورٹ کی روشنی میں گراوٴنڈ کردیا گیا تھا۔ساتھ ہی ذرائع نے بتایا کہ طیارہ اڑانے والے پی آئی اے کے تمام پائلٹس کو جانچ پڑتال کے بعد کلیئر کردیا گیا تھا اور وہ سب تجربہ کار تھے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں