خلیجی ملک عمان میں دوبارہ سے سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا

لاک ڈاون کے دوران لوگوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی، عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز کے اجتماعات بھی نہیں ہوں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 جولائی 2020 19:52

خلیجی ملک عمان میں دوبارہ سے سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا
مسقط (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-23جولائی 2020ء) خلیجی ملک عمان میں دوبارہ سے سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا، لاک ڈاون کے دوران لوگوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی، عید الاضحیٰ کے موقع پر نماز کے اجتماعات بھی نہیں ہوں گے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ملک عمان نے کرونا وائرس پھیلاو کے باعث دوبارہ سے سخت لاک ڈاون نافذ کر دیا ہے۔

اس حوالے سے عمان کی سپریم کمیٹی کی جانب سے جمعرات کے روز باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ عمان کی سپریم کمیٹی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے لئے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمان میں مزید کاروباری مراکز کھولنے کی تیاریاں کی جا رہی تھیں، تاہم اب کرونا وائرس پھیلاو کے باعث کاروباری مراکز کھولنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ لاک ڈاون کے دوران عید الضحیٰ کے موقع پر نماز کے اجتماعات بھی نہیں ہوں گے۔ لاک ڈاؤن میں تمام عوامی مقامات کو بند کر دیا جائے گا جبکہ ضروری اشیاء کی دکانیں بھی شام 7 سے بچے سے صبح 6 بجے تک بند رہیں گی۔ شہریوں کو کسی قسم کے اجتماع یا آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمان سے باہر جانے والے اور دوسرے ممالک سے عمان آنے والے افراد کو وزارت خارجہ سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ جو لوگ بذریعہ ہوائی سفر عمان سے باہر جانے کے خواہاں ہیں، انہیں شام 7 بجے کے بعد ائیرپورٹ جانے کی اجازت ہوگی۔ پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ عمان میں لاک ڈاؤن 25 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہے گا، تاہم اب فوری طور پر لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں