خلیجی ریاست عمان میں گداگروں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا گیا

گداگری میں ملوث افراد کو تین سال قید اور ایک سو اومانی ریال کا جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 اگست 2020 12:12

خلیجی ریاست عمان میں گداگروں کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا گیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اگست 2020ء) خلیجی ریاست عمان میں گزشتہ کچھ عرصے سے بھیک مانگنے والوں کی گنتی میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد حکومت کی جانب سے گداگری کے انسداد کے لیے سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔ اومانی وزارت برائے قانونی امور کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگ کسی بھکاری کو ضرورت مند جان کر اسے کچھ رقم دے دیتے ہیں۔ یہ لوگ درحقیقت گداگری جیسے جُرم کی معاونت کر رہے ہیں۔

عمان میں گداگری ایک جُرم ہے، لوگوں کو گداگروں کو کوئی رقم نہ دے کر ان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔ یہ گداگر ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں، اس لیے ان کے بارے میں فوری طور پر اطلاع دی جائے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا کی موجودہ وبا کے دوران بھکاریوں کی وجہ سے وائرس پھیلنے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ رہاہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہ روزانہ سینکڑوں افرادکے پاس جا کر ان سے بھیک مانگتے ہیں، اس لیے ان کے کورونا سے متاثر ہونے کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

ان بھکاریوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہے۔ اگر کوئی شخص بھیک مانگتا ہے یا کسی بچے سے بھیک منگواتا ہے تو دونوں صورتوں میں گداگری کے اس جُرم پر اسے سزا اور جرمانہ بھُگتنا ہوگا۔ اگر کوئی شخص بھیک مانگتا پکڑا گیا تو اسے تین سال قید کی سزا ہو گی اس کے علاوہ ایک سو اومانی ریال کا جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔ تاہم اگر کوئی شخص کسی بچے بچی سے بھیک منگوانے کے مکروہ دھندے میں پکڑا گیا تو ایسی صورت میں اسے تین سال کی بجائے چھ سال قید اوردُگنا جرمانے کی سزا ہو گی۔اگر بھکاری کا تعلق کسی دوسرے ملک سے ہوا تو اس کے پاس موجود تمام رقم ضبط کر لی جائے گی اور فوری طور پر عمان سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ 

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں