نئے عمانی سربراہ نے اپنے نام سے سکے جاری کر دیئے

سلطان ہیتم بن طارق کے نام سے 5، 10 ، 25 اور 50 بیسہ کے نئے سکوں کا ستمبر میں استعمال شروع ہو جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 اگست 2020 14:04

نئے عمانی سربراہ نے اپنے نام سے سکے جاری کر دیئے
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اگست2020ء) اب سے چند ماہ قبل عمانی سلطان کا عہدہ سنبھالنے والے سلطان ہیتم بن طارق کے نام سے نئے سکے بنا دیئے گئے جو اگلے ماہ ستمبر میں عوام کے استعمال میں آ جائیں گے۔ نئے عمانی سلطان کے لیے 5، 10،25 اور 5 بیسہ کے کرنسی سکے ڈھالے گئے ہیں۔ سنٹر ل بینک آف اومان کے مطابق ان نئے سکوں کے ایک جانب سلطان ہیتم کا نام اور قومی نشان درج ہے جبکہ سکے کے دوسری جانب سکے کی مالیت اور اس کے اجرا ء کا اسلامی اور عیسوی سال درج ہے۔

واضح رہے کہ اومان کے نئے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے سلطنت کا انتظام سنبھالتے ہی چند اہم فیصلے لیے تھے جن کی بناء پر وہ دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔فروری 2020ء میں سلطان ہیثم نے حکم جاری کیا تھا کہ اومان کا قومی ترانہ بدل دیا جائے۔

(جاری ہے)

موجودہ قومی ترانے میں اومان کے مرحوم سلطان قابوس بن سعید سے متعلق الفاظ شامل تھے، جنہیں سلطان ہیثم نے بدل کر ان کی جگہ اپنا نام شامل کرنے کا حکم دیا ۔

اومانی فرمانروا نے جو دُوسرا حکم جاری کیا ہے وہ قومی پرچم کے ڈیزائن سے متعلق تھا جسے تبدیل کر دیا جائے گا۔ جبکہ تیسرا حکم اومان کے قومی نشان کی تبدیلی کے بارے میں تھا۔
سلطان ہیثم نے ایک اور حکم کے تحت اپنے پیشرو سلطان قابوس کی جانب سے اختیار کیے گئے القابات کو منسوخ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سلطان ھیثم بن طارق نے حکم نامے میں کہا تھا کہ وہ سابق حکمرانوں کے ساتھ استعمال ہونے والے تمام القابات منسوخ کر رہے ہیں۔

اس حکم نامے میں انہوں نے تاکید کی ہے کہ آئندہ سے انہیں کوئی ’السلطان المعظم‘ یا ’اعلیٰ حضرت‘ کہہ کر مخاطب نہیں کرے گا۔ مستقبل میں ہونے والی تمام سرکاری خط کتابت اور دیگر اہم سفارتی موقعوں اور بات چیت میں اُن کے لیے صرف ’سلطان اومان‘ کا نام ہی استعمال ہو گا۔ تحریر اور بات چیت میں صرف ’سلطان اومان‘ کا لفظ ہی برتا جائے گا۔سلطان ھیثم بن طارق کی جانب سے تمام وزارء اور مشیران کو جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ”میرے لیے یہ باعثِ اعزاز بات ہو گی کہ آپ مجھے سرکاری اور نجی نوعیت کی خط و کتاب میں ’مولانا، اعلیٰ حضرت، عزت ماب سلطان معظم کے القاب سے مخاطب نہ کریں، بلکہ صرف ھیثم بن طارق سلطان عمان ہی لکھا اور بولا جائے۔

واضح رہے کہ سلطان اومان کے ہر دلعزیز حکمران سلطان قابوس بن سعید 10 جنوری 2020ء کو طویل علالت کے بعد79 سال کی عمر میں انتقال فرما گئے تھے۔ سلطان قابوس نے 50 سال تک سلطنت عُمان کی باگ ڈور سنبھالے رکھی۔جس پر اومان میں سرکاری طور پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ ہیثم بن طارق نے آکسفورڈ یونی ورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ عمان کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل اور انڈر سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 13 اکتوبر 1956 کو پیدا ہوئے اور ان کی عمراس وقت 65 سال ہے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں