پاکستان میں پھنسے عمانی ویزہ ہولڈرز خوش ہو جائیں

آج سے مسقط سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے فلائٹ آپریشن شروع ہو جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 1 اکتوبر 2020 14:03

پاکستان میں پھنسے عمانی ویزہ ہولڈرز خوش ہو جائیں
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر2020ء) عمان کی حکومت کے اعلان کے مطابق آج سے دُنیا کے 20 ایئرپورٹس کے لیے عمانی ایئر لائن کی پروازیں شروع کر دی گئی ہیں، جن میں لاہور اور اسلام آباد شامل ہے۔ عمانی سول ایوی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج جمعرات سے پہلے مرحلے کے تحت 20 بین الاقوامی شہروں کے لیے عمانی ایئر لائنز کا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں مسقط سے لاہور، اسلام آباد، لندن، استنبول، ممبئی، دہلی ، قاہرہ اور دبئی سمیت 20 مختلف ایئرپورٹس پر پروازیں روانہ ہوں گی۔ جس کے بعد اگلے چند ہفتوں میں دُنیاکے مزید شہروں کے لیے بھی پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ اس طرح پاکستانیوں کی عمان واپس ممکن ہو گئی ہے۔ عمانی حکومت کے مطابق واپس آنے والے ویزہ ہولڈرزکے پاس ایک مہینے کا میڈیکل انشورنس، کورونا سے محفوظ ہونے کا سرٹیفیکیٹ اور 14 دن تک خود کو قر نطینہ میں رکھنے کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 25 عمانی ریال فیس بھی ادا کرنا ہو گی۔واضح رہے کہ عمان کی سپریم کمیٹی برائے کورونا روک تھام کی جانب سے چند روز قبل اعلان کیا گیا تھا کہ عمان کے کارآمد ریزیڈنٹ کارڈ ہولڈرز کی جلد واپسی ممکن ہو سکے گی۔ یہ کارڈ ہولڈرز یکم اکتوبر سے عمان واپس آ سکیں گے۔ عمانی حکومت کے مطابق یکم اکتوبر 2020سے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔

جس کے بعد مختلف ممالک سے پروازیں عمان آ سکیں گی اور عمان سے دیگر ممالک کو بھی پروازیں روانہ ہوں گی۔تاہم فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر بحال نہیں کیا جا رہا، بلکہ مرحلہ وار کیا جائے گا۔ ابتدائی میں ایسے اسٹیشنز سے پروازیں بحال ہوں گی جہاں کورونا کی وبا پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کئی فضائی کمپنیوں سے دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔ 

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں