عمان میں مقیم پاکستانی ہوشیار ہو جائیں

کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا، 4 تارکین کو سزا دے دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 نومبر 2020 16:59

عمان میں مقیم پاکستانی ہوشیار ہو جائیں
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،21 نومبر2020ء ) خلیجی ریاست عمان میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عمانی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت میں کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر سخت سزا اور جرمانوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ اگر کوئی غیر ملکی کورونا سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کوقید اور جرمانہ عائد ہونے کے ساتھ ساتھ اسے فوری عمان سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق سپریم کمیٹی نے کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر چار غیر ملکیوں کے خلاف فیصلہ سُناتے ہوئے انہیں چھ ، چھ ماہ قید کی سزا سُنادی ہے، اس کے علاوہ ان پر ایک ہزار عمانی ریال کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جبکہ سزا کی مُدت پوری ہونے کے بعد انہیں ڈی پورٹ بھی کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کے مطابق پبلک پراسکیوشن نے بتایا ہے کہ 15 نومبر سے 19 نومبر 2020ء کے پانچ روز کے دوران مسقط، الدخیلیہ اور الباطینہ ساؤتھ کی گورنریٹس میں مقامی عدالتوں نے کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کو سزائیں سُنا دی ہیں۔

پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے ایک واقعے کی تحقیقات کی گئیں جس میں ثابت ہوا کہ چار افراد سپریم کمیٹی کی جاری کردہ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ یہ غیر ملکی ملزمان کرفیو کے اوقات کے دوران گھروں سے باہر نکل آئے تھے اور اس طرح انہوں نے گھریلو قرنطینہ کے ضابطے کی خلاف ورزی کی۔ جس کے بعد انہیں متعلقہ عدالتوں کے حوالے کیا گیا۔ جہاں انہیں چھ، چھ ماہ قید، ایک ہزارعمانی ریال کا جرمانہ اور ڈی پورٹیشن کی سزا سُنائی گئی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں