اب پاکستانی سرمایہ کار بھی عمان میں کاروبار کر سکیں گے

عمانی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لمبی مُدت کی ویزہ اسکیم جاری کر دی، انکم ٹیکس میں بھی چھوٹ دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 10 مارچ 2021 13:52

اب پاکستانی سرمایہ کار بھی عمان میں کاروبار کر سکیں گے
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ2021ء) خلیجی ممالک کی معیشت کا بڑا دارومدار تیل کی صنعت ہے ۔ تاہم گزشتہ سال کے لاک ڈاؤن کے دوران تیل کی پیداوار میں ریکارڈ کمی نے ان ممالک کی تیل کی مد میں ہونے والی سالانہ آمدن میں بہت کمی کر دی، جس کا انہیں بڑا معاشی نقصان ہوا ہے جس کے ثمرات ابھی تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے اب کئی ممالک تیل سے ہٹ کر دیگر صنعتوں اور پیشوں کو بھی فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب اور متحدہ امارات نے بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے لمبی مُدت کے ویزوں کا اجراء کیا ہے۔ اسی نہج پر چلتے ہوئے اب عمان نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مملکت میں کاروبار کی خاطر طویل المعیاد اقامہ دینے کی پیش کش کر دی ہے۔ جس سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری حجم رکھنے والے پاکستانی سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق عْمان نے سال 2020-21ء میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو انکم ٹیکس میں چھوٹ اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو طویل المیعاد اقامے دینے کا اعلان کیا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق عمانی حکومت نے ویژن 2040ء کے تحت ان نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔اس ویژن کا مقصد عمان کی معیشت کو متنوع بنانا اور تیل کی دولت پرانحصار کم کرنا ہے۔کیونکہ فی الحال عْمان کو زیادہ تر مالی وسائل تیل کی برآمدات سے ہی حاصل ہوتے ہیں۔عْمان خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں سب سے کم زور معیشت کا حامل ہے۔گذشتہ ایک سال کے دوران میں کرونا وائرس کی وَبا اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتوں نے اس کے لیے مزید مسائل پیدا کردیے ہیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ عْمان کی معیشت 2020ء میں 4.6 فی صد تک سکڑ گئی تھی۔عْمانی حکومت کی نئی اصلاحات کے تحت اس سال معیشت کو متنوع بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں پر عاید انکم ٹیکس میں کمی کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ دْقم اسپیشل اکنامک زون اوردوسرے صنعتی علاقوں میں 2022ء کے اختتام تک کرایوں میں کمی جارہی ہے۔ان طویل المعیاد اقاموں کے اجراکے شرائط وضوابط کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔اس کے علاوہ مارکیٹ سے متعلق دیگرمراعات بھی دی جائیں گی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں