واحد خلیجی ملک جہاں آج بھی چاند نظر نہیں آیا

سلطنت عمان میں پیر کے روز بھی چاند کی رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، سلطنت میں یکم رمضان المبارک بدھ 14 اپریل کو ہوگی

muhammad ali محمد علی پیر 12 اپریل 2021 22:52

واحد خلیجی ملک جہاں آج بھی چاند نظر نہیں آیا
مسقط (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل2021ء) واحد خلیجی ملک جہاں آج بھی چاند نظر نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک سلطنت عمان میں رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ عمان واحد خلیجی ملک ہے جہاں پیر کے روز بھی چاند کی رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق سلطنت عمان میں یکم رمضان المبارک بدھ 14 اپریل کو ہوگی۔

دوسری جانب دیگر خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا۔ بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک میں سب سے پہلے سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آیا، جبکہ پھر متحدہ عرب امارات اور قطر میں بھی ماہ مقدس کا چاند دیکھ لیا گیا۔ یوں سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات میں کل 13 اپریل بروز منگل کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں ماہ مقدس کا چاند دیکھنے کیلئے گزشتہ روز بھی اجلاس طلب کیے گئے تھے، تاہم کسی خلیجی ملک میں کل کہیں چاند نظر نہیں آیا تھا۔

جبکہ آج 12 اپریل بروز پیر کو اب تک 12 ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا، جبکہ پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں کل بروز منگل ماہ مبارک کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے پہلے آسٹریلیا اور پھر برونائی میں رمضان المبارک کا چاند نظر آیا۔اب تک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی، ملائیشیا سمیت کل 12 ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد کل بروز منگل 13 اپریل کو یکم رمضان ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا جا چکا۔

رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس بار کس ملک میں سب سے طویل اور کس ملک میں سب سے مختصر روزہ ہوگا۔ اگر روزے کے طویل دورانیے کی بات کی جائے تو فن لینڈ اس اعتبار سے طویل ترین دورانیے والا ملک ہوگا جہاں روزہ داروں کو 23 گھنٹے 5 منٹ کا روزہ رکھنا ہوگا۔ اس کے بعد سویڈن اور ناروے کا نمبر آتا ہے جب کہ روس میں 20 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا۔

سب سے مختصر دورانیہ آسٹریلیا میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 11 گھنٹے 59 منٹ ہوگا، ارجنٹائن میں 12 گھنٹے 23 منٹ اور چلی میں 12 گھنٹے 41 منٹ کا روزہ ہو گا۔ عرب ممالک میں روزے کا دورانیہ 13 اور 16 گھنٹوں کے درمیان ہو گا۔ مغربی عرب ممالک میں الجزائر اور تیونس میں روزے کا دورانیہ دوسرے عرب ممالک کی نسبت کم ہو گا۔ ان ملکوں میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے 39 منٹ سے ہو گا جب کہ آخری ایام 15 گھنٹے 50 منٹ تک ہو گا۔

کیمرون میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 12 منٹ اور بعض علاقوں میں 12 گھنٹے 59 منٹ ہوگا۔خلیجی ممالک میں روزے کا دورانیہ نہ تو بہت طویل ہو گا اور نہ ہی کم۔ سعودی عرب میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے کے روزے سے ہوگا اور اختتام 14گھنٹے 42 منٹ سے ہوگا۔ ابوظبی میں 14 گھنٹے دو منٹ اور 14 گھنٹے 44 منٹ کے درمیان ہوگا۔کویت میں 14 گھنٹے 17 منٹ اور 15 گھنٹے 19 منٹ، قطر میں 14 گھنٹے 6 منٹ اور 14 گھنٹے 50 منٹ کے درمیان ہو گا۔ جبکہ پاکستان میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے سے زائد رہے گا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں