عمان جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کو پھر بُری خبر سُنا دی گئی

عمانی حکومت نے پاکستان اور بھارت سمیت 14 ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں ایک بار پھر توسیع کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 جون 2021 12:42

عمان جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کو پھر بُری خبر سُنا دی گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 جون 2021ء) عمان کی حکومت نے دو ماہ قبل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے مسافروں کے لیے فضائی سفر پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ جس کا اطلاق 24 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ یہ فضائی پابندی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث عائد کی گئی تھی۔ جس کے بعد ہزاروں پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے عمان واپس جانے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی تھی جو شدت سے عمان واپسی کے منتظر تھے۔

اس پابندی میں 5 مئی کو غیر معینہ مُدت کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس حوالے سے اب ایک بار پھر بُری خبر آ گئی ہے۔ عمان حکومت نے پاکستان اوربھارت سمیت 14 ممالک کے مسافروں کے عمانی سلطنت میں داخلے پر عائد پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے۔ عمانی حکام کے مطابق ان ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں5 جون سے توسیع کی جا رہی ہے جو غیر معینہ مُدت کے لیے ہو گی۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ ان ممالک میں کورونا وائرس کی وبا میں تیزی آنا ہے۔ عمان کی انسداد کورونا سے متعلق سپریم کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر سوڈان، برازیل، نائجیریا، تنزانیہ، سرالیون، ایتھوپیا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش، مصر،تھائی لینڈ، ملائشیا، ویتنام اور فلپائن سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مُدت کے لیے توسیع کی گئی ہے۔

عمانی حکومت کے مطابق ان ممالک سے آنے والے غیر ملکی مسافروں کو 14 روز کسی اور ملک میں گزارنے کے بعد بھی عمان آنے کی اجازت نہیں ہو گی، پہلے یہ اجازت تھی جو ختم کر دی گئی ہے۔البتہ اس سفری پابندی کا اطلاق ان ممالک میں موجود عمانی شہریوں، سفارتی عملے، ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل و عیال پر نہیں ہو گا۔ یہ افراد جب چاہیں واپس آسکتے ہیں۔تاہم خشکی کے راستے سلطنت عمان آنے والے جی سی سی ممالک (سعودیہ، امارات، بحرین، یمن، قطر)کے شہریوں کے سفر پر پابندیاں ختم کر دی ہیں جبکہ کورونا وبا سے متعلق دیگر پابندیوں میں بھی نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں