خلیج میں کاروبار کے خواہش مند پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے اہم خبر آ گئی

خلیجی ریاست عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو10 سالہ رہائشی ویزہ دینے کا اعلان کر دیا، مُدت میں توسیع بھی ہو سکے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 جون 2021 12:53

خلیج میں کاروبار کے خواہش مند پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے اہم خبر آ گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جون2021ء) جو لوگ خلیجی ممالک میں سرمایہ کاری اور کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند ہیں، ان پاکستانیوں کے لیے شاندارخبر آ گئی ہے۔سلطنت عمان کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 10 سالہ رہائشی ویزہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی مُدت میں توسیع بھی کروائی جا سکے گی۔ عمان کی وزارت تجارت، صنعت و فروغ سرمایہ کاری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وزارت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو عمان میں کاروبار شروع کرنے کے لیے شاندار پروگرام جاری کیا ہے۔

جس کے تحت انہیں پانچ سے دس برس تک کے رہائشی ویزے دیئے جائیں گے، جو قابلِ توسیع ہوں گے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہ ویزہ پروگرام ستمبر میں شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد عمان میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے ، جس سے مملکت کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت عمان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھنے والے غیر ملکی سرمایہ اور پینشن یافتہ شہریوں کو طویل مُدت کے رہائشی ویزے جاری ہوں گے۔

گزشتہ چند سالوں سے عمانی مملکت کی معیشت کمزور پڑ گئی ہے۔ اس کی بڑی وجہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہونا ہے۔ جس کے بعد مملکت کا خسارہ جی ڈی پی کے 15 فیصد سے بڑھ کر 80 فیصد تک ہو چکا ہے۔ اسی وجہ سے عمان میں ریاستی اخراجات میں کمی ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عمان میں تین روز تک حکومت کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

جس دوران پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا اور پولیس نے جواباً آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ ان مظاہروں کی وجہ سے کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مقامی آبادی نے یہ مظاہرے ملازمتیں ختم ہونے اور پست معیار زندگی کے خلاف کیے تھے۔جس کے بعد عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں فوری طور پر روزگار مہیا کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔

اس اسکیم کے تحت رواں سال میں 32ہزار سے زیادہ افراد کو ملازمتیں دی جائیں گی۔سرکاری شعبے میں دوہزارعمانی شہریوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔اس کے علاوہ لوگوں کو مختلف سرکاری محکموں میں 10 لاکھ گھنٹے کے وقت کے جزوقتی روزگار کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔سلطان ہیثم نے پہلی مرتبہ افرادی قوت میں شامل ہونے اور نئی ملازمتیں حاصل کرنے والے افراد کو حکومت کی جانب سے مختلف زرتلافی دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ان کے جاری کردہ فرمان کی ایک شق میں کہا ہے کہ ”ملک کے نجی شعبے کی لیبرمارکیٹ میں شامل ہونے والے نئے ملازمین کو 200 عْمانی ریال ادا کیے جائیں گے۔نیز آجرحضرات طے شدہ تن خواہ کا فرق خود پورا کریں گے اور دوسال کے لیے روزگار کے 15ہزار مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں