” خلیجی ممالک سے آنے والوں کو پی سی آر سے مستثنیٰ قرار دینے کا جلد اعلان ہو گا“

عمان کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کوروناویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے افراد کو ٹیسٹ سے رعایت دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 اگست 2021 09:14

” خلیجی ممالک سے آنے والوں کو پی سی آر سے مستثنیٰ قرار دینے کا جلد اعلان ہو گا“
مسقط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔27 اگست 2021ء) سلطنت عمان کی جانب سے خلیجی ممالک کے شہریوں کو مملکت آمد پر پی سی آر ٹیسٹ سے استثنیٰ دیئے جانے کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق عمان نے جی سی سی کے شہریوں کی اپنے یہاں آمد پر پابندی اٹھانے کا عندیہ دے دیا-جی سی سی سے مراد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر کے باشندے ہیں، جنہیں یہ رعایت دیئے جانے کا اعلان جلد ہو جائے گا۔

اُردو نیوز کے مطابق عمان کے وزیر صحت ڈاکٹر احمد السعیدی نے بتایا ہے کہ اس کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔انہوں نے توجہ دلائی کہ ہمارے یہاں ہنگامی اجلاس ہونے والا ہے جس میں خلیجی ممالک کے یہاں منظور شدہ کورونا ویکسینوں کی دو خوراکیں لینے والے خلیجی شہریوں کو پی سی آر ٹیسٹ سے استثنی دے دیا جائے گا- اس بات کی پابندی کرائی جائے گی کہ آخری خوراک پر دو ہفتے گزر چکے ہوں-وزیر صحت نے کہا کہ سلطنت عمان اپنے یہاں 8.5 ملین سے زیادہ خوراکیں محفوظ کیے ہوئے ہے- انہوں نے توجہ دلائی کہ ویکسین لینے والے کورونا وائرس کے مرض سے 85 تا 95 فیصد محفوظ ہوجاتے ہیں- ویکسین یافتگان کو وائرس سے دوچار ہونے کی صورت میں ہسپتال میں داخل نہیں کرنا پڑتا- اس طرح کے متاثرین میں بہت کم ایسے ہوتے ہیں جنہیں ہسپتال کا منہ دیکھنا پڑتا ہے- ویکسین کی بدولت ملک میں اموات کی تعداد کم ہوئی ہے- تاہم یہ بات ریکارڈ پر لانا ضروری ہے کہ ویکسین سے مکمل تحفظ حاصل نہیں ہوتا- ویکسین لگنے کے باوجود وائرس لگ سکتا ہے اور متاثرہ شخص سے دوسرے لوگ زد میں آسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا کہ دنیا بھر میں وائرس جتنی زیادہ مدت تک ٹھہرے گا اتنا ہی زیادہ اس کی نئی شکلیں پیدا ہوں گی ان میں سب سے زیادہ پھیلنے والا وائرس ڈیلٹا ہے-

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں