عمان نے 10 سالہ ویزے کا اجراء کردیا، مقررہ مدت کے بعد تجدید کی سہولت بھی دیدی

10 سالہ ویزا ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے تارکین وطن کو طویل مدتی رہائش فراہم کرے گا، نئے سرمایہ کاری پروگرام کے تحت 22 غیر ملکی سرمایہ کاروں کو طویل قیام کا ویزا جاری کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 ستمبر 2021 16:49

عمان نے 10 سالہ ویزے کا اجراء کردیا، مقررہ مدت کے بعد تجدید کی سہولت بھی دیدی
مسقط ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان نے 10 سالہ ویزے کا اجراء کردیا ، نیا سرمایہ کاری پروگرام بھی متعارف کرادیا جس کا مقصد اقتصادی تنوع کے لیے بنائے گئے شعبوں میں معیاری فنڈنگ کو راغب کرنا ہے ، اسی پروگرام کے تحت متعارف کرایا گیا 10 سالہ ویزا ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے تارکین وطن کو طویل مدتی رہائش فراہم کرے گا ، مقررہ مدت کے بعد ویزا بڑھانے کی سہولت بھی دیدی۔

عمانی میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے 22 غیر ملکی سرمایہ کاروں کو طویل قیام کا ویزا جاری کیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے متعارف کرائی گئی نئی اسکیم سرمایہ کاروں کو 10 سال تک کے لیے ملک میں طویل قیام اور قابل تجدید ویزا فراہم کرتی ہے ، بشرطیکہ وہ کچھ شرائط پر پورا اتریں ، حکومت کو توقع ہے کہ نیہ پالیسی کے ذریعے سرمایہ کاری اقتصادی تنوع کے لیے نشان زدہ علاقوں پر مرکوز ہوگی ، جیسے سیاحت ، توانائی ، کان کنی ، معدنیات ، مینوفیکچرنگ ، ماہی گیری کے ساتھ ساتھ دیگر معاون شعبوں جیسے سروس سیکٹر ، میڈیکل پروڈکٹس ، تعلیم اور ماحولیاتی شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی زور دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عمان کے وزیر برائے تجارت اور صنعت و سرمایہ کاری قیس ال یوسف نے کہا ہے کہ میں سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور عمانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنے اور اپنے خاندانوں کے لیے رہائش اختیار کریں کیوں کہ سب سے اہم چیز جو آج سرمایہ کاروں کو ملک کی طرف راغب کرتی ہے وہ ہے سرمایہ کاری کا ماحول ، ان کی سرمایہ کاری کے بدلے میں ملنے والا فائدہ ، مراعات اور وہ چھوٹ جو حکومت انہیں ہمیشہ دیتی ہے ، عمان کا جغرافیائی محل وقوع ، قومی افرادی قوت اور جدید طرز زندگی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سرمایہ کار جنہیں طویل المدتی ویزا جاری کیا گیا انہوں نے معیاری شعبوں میں سرمایہ کاری کی اور عمانیوں کو بھی ملازمت دی ہے ، کچھ بڑی تعداد میں ایسا کر رہے ہیں ، ان سرمایہ کاروں میں عمان کی ایک کمپنی بھی شامل ہے جس نے اپنی شاخوں میں 4000 عمانیوں کو ملازمت دی ہے ، ہم یہ بھی یقینی بنانے کے خواہشمند تھے کہ یہ 22 سرمایہ کار متنوع قومیتوں کے ہیں ، یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہمارے ہاں سرمایہ کاروں کے لیے ہر جگہ ایک پرکشش ماحول ہے۔

وزیر برائے تجارت اور صنعت و سرمایہ کاری نے بتایا کہ ہمیں سرمایہ کاروں کی ایک اور فہرست موصول ہوئی ہے جنہوں نے اس اسکیم میں شامل ہونے کی خواہش کے بارے میں ہمارے ساتھ بات چیت کی ، ہم اگلے ہفتے ان کی درخواستوں پر غور کریں گے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں