عمان؛ سمندری طوفان شاہین کی تباہی، شدید بارشوں اور سیلاب سے متعدد ہلاکتیں

دارالحکومت مسقط سے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں ، عمان میں آج بھی عام تعطیل ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 اکتوبر 2021 10:53

عمان؛ سمندری طوفان شاہین کی تباہی، شدید بارشوں اور سیلاب سے متعدد ہلاکتیں
مسقط (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 04 اکتوبر 2021ء ) خلیجی ریاست عمان میں سمندری طوفان شاہین نے تباہی مچادی ، شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے ، تباہی مچانے کے بعد طوفان کا زور تو ٹوٹ چکا ہے لیکن اب بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے 100 سے 200 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے مسقط اور ساحلی علاقوں میں 120 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے دارالحکومت مسقط سے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں ، ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسقط سے آنے اور جانے والی کچھ پروازوں کو معطل کیا گیا تاکہ خطرات سے بچا جاسکے اسی لیے عمان میں آج بھی عام تعطیل ہے۔

عمان کی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ مسقط صوبے کے روسیل انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد امدادی ٹیموں نے وہاں سے 2 آدمیوں کی لاشیں نکالیں ، اسی صوبے میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور ایک شخص لاپتہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

ادھر سمندری طوفان شاہین ہی کی وجہ سے ایران میں چاہ بہا بندرگاہ پر بھی 6 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ، شدید بارشوں اور سیلاب سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ، علاقے میں مواصلات کا نظام درھم برھم ہوگیا اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

دوسری طرف سمندری طوفان شاہین سے نمٹنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں بھی اقدامات کیے گئے ہیں، عمان کی سرحد کر قریب واقع امارت العین میں تمام تعمیراتی کام منگل تک روک دیے گئے جب کہ حکام نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ساحل اور نچلی سطح پر واقع علاقوں میں جانے سے گریز کریں ، اس ضمن میں یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ ہم سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں متعلقہ حکام ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں