عمان ؛ سمندری طوفان سے تباہ ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف مل گیا

اگر آپ کی گاڑی کو طوفان کے دوران نقصان پہنچا ہے اور آپ انشورنس کا دعویٰ کرنا چاہتے ہیں تو اسے کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اکتوبر 2021 17:50

عمان ؛ سمندری طوفان سے تباہ ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف مل گیا
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اکتوبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان میں سمندری طوفان سے تباہ ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف مل گیا ، اگر آپ کی گاڑی کو طوفان کے دوران نقصان پہنچا ہے اور آپ انشورنس کا دعویٰ کرنا چاہتے ہیں تو اسے کرنے کے طریقہ کار سے متعلق کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی (CMA) نے وضاحت جاری کردی۔عمانی میڈیا کے مطابق سی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ جامع انشورنس پالیسی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا ایک ضروری خصوصیت کے طور پر احاطہ کرتی ہے لیکن تھرڈ پارٹی انشورنس اس نقصان کو اس صورت میں پورا نہیں کرتی اگر پالیسی خریدتے وقت اسے اضافی اختیاری خصوصیت کے طور پر شامل نہ کیا جائے۔

اس کے علاوہ اور بھی فوائد ہیں جو شامل کیے جا سکتے ہیں ، جیسا کہ قدرتی آفات کے لیے کوریج یا طوفان کی وجہ سے ٹوٹ جانے کی صورت میں ونڈشیلڈ کو تبدیل کرنا تاہم معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے کے لیے درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار میں گاڑی کے مقام اور اس کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات کو دستاویز کرنا شامل ہے جب کہ انشورنس کمپنی کو فوری طور پر گاڑی کو پہنچنے والے نقصان سے آگاہ کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سلطنت عمان میں سمندری طوفان شاہین نے تباہی مچا دی ہے ، جہاں بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال ، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور متعدد افراد لاپتہ بھی ہوگئے ، جب کہ سلطنت میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ، طوفانی ہواؤں اور خراب موسم کے باعث فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ، وزارت تعلیم کی جانب سے عام تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے اسکولوں کو 3 روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے ، عمانی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفان کے باعث پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال اب ٹل چکی ہے تاہم اب بھی متعدد علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں