سمندری طوفان شاہین کے بعد عمان میں زندگی کی رونقیں لوٹنے لگیں

مسقط میں پبلک پارکس اور باغات کو بحالی کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اکتوبر 2021 12:16

سمندری طوفان شاہین کے بعد عمان میں زندگی کی رونقیں لوٹنے لگیں
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 14 اکتوبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان میں سمندری طوفان شاہین کے بعد زندگی کی رونقیں لوٹنے لگیں ، مسقط میں پبلک پارکس اور باغات کو بحالی کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسقط میونسپلٹی نے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پبلک پارکس اور باغات جمعرات 14 اکتوبر 2021ء سے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

مسقط میونسپلٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان شاہین کے بعد بحالی کا کام مکمل ہوچکا ہے ، جس کی بنیاد پر مسقط بلدیہ جمعرات 14 اکتوبر 2021 سے عوامی پارکوں اور باغات کو دوبارہ کھولنے کی اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس کر رہی ہے لیکن براہ کرم یہ بھی نوٹ کرلیں کہ النسیم پبلک پارک ، کالبوہ پارک اور الغبرا لیک پارک اس سے مستثنیٰ ہیں اور عوام کو ان کے کھلنے کے بارے میں بھی جلد مطلع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عمان میں سمندری طوفان شاہین نے تباہی مچادی تھی ، جس کے باعث ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے ، تباہی مچانے کے بعد طوفان کا زور تو ٹوٹ گیا تھا لیکن اب بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے 100 سے 200 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے مسقط اور ساحلی علاقوں میں 120 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے دارالحکومت مسقط سے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں ، جس پر ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ مسقط سے آنے اور جانے والی کچھ پروازوں کو معطل کیا گیا تاکہ خطرات سے بچا جاسکے۔

عمان کی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ مسقط صوبے کے روسیل انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد امدادی ٹیموں نے وہاں سے 2 آدمیوں کی لاشیں نکالیں ، اسی صوبے میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور ایک شخص لاپتہ ہوگیا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں