عمان ؛ غیرملکیوں کے لیے بھی مفت کورونا ویکسی نیشن کا اعلان

شمالی الشرقیہ گورنری میں غیر ملکیوں کے لیے مفت کورونا ویکسی نیشن مہم جمعہ 26 نومبر 2021 کو شروع کی جائے گی جو ہفتہ 27 نومبر 2021 کو ختم ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 نومبر 2021 15:20

عمان ؛ غیرملکیوں کے لیے بھی مفت کورونا ویکسی نیشن کا اعلان
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 نومبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان نے بھی غیرملکیوں کے لیے بھی مفت ویکسی نیشن کا اعلان کردیا۔ ٹائمز آف عمان کے مطابق شمالی الشرقیہ گورنری میں غیر ملکیوں کے لیے مفت کورونا ویکسی نیشن مہم جمعہ 26 نومبر 2021 کو شروع کی جائے گی اور ہفتہ 27 نومبر 2021 کو ختم ہوگی۔ اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ جنرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی الشرقیہ گورنریٹ میں ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل کا دفتر جمعہ اور ہفتہ (26 اور 27 نومبر 2021) کو غیر ملکیوں کے لیے مفت COVID-19 ویکسی نیشن مہم کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران سی ڈی سی ابرا اور گورنریٹ کے تمام ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں صبح 8 بجے سے رات 9 بجے تک مفت ویکسی نیشن کی جائے گی ، اس دوران کوئی بھی غیر ملکی جو COVID-19 ویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک لگوانا چاہتا ہے وہ آکر ویکسی نیشن کروا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ خلیجی سلطنت عمان کو بھی دیگر ممالک کی طرح کورونا وبا کا سامنا ہے، گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا تھا ، جس کی وجہ سے حکام کے خطرات کو بھانپتے ہوئے سخت اقدامات لینے کا اعلان تھا ، جس کے تحت عید کی تعطیلات کے دوران کورونا وبا کو روکنے کے لیے لاک ڈاوٴن نافذ کیا گیا تھا ، شام پانچ بجے سے صبح چار بجے تک جاری رہنے والے اس لاک ڈاوٴن میں تمام کاروباری سرگرمیاں ممنوع کر دی گئی تھی اور تمام قسم کی ٹریفک بھی بند تھی ، تاہم اب لوگوں کو اس حوالے سے ریلیف مل گیا ہے۔

خلیجی ریاست عمان نے اگست میں ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا ، جس کے بعد رات کے وقت کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہو گی، لوگ رات کو دیر تک گھروں سے باہر رہ سکیں گے اور ٹرانسپورٹ پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی ، عمانی حکومت کی جانب کہا گیا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے جزوی لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے تاہم کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا ، پبلک مقامات پر ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی پابندی بھی لازمی ہو گی، ورنہ جرمانوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں