عمان ؛ منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام‘ 2 غیر ملکی گرفتار

رائل عمان پولیس نے 60 کلو کرسٹل ڈرگ ضبط کرلی ‘ یہ منشیات دو غیر ملکیوں کے پاس سے اس وقت ملی جب وہ سلطنت عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 دسمبر 2021 17:44

عمان ؛ منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام‘ 2 غیر ملکی گرفتار
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 2 غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ٹائمز آف عمان کے مطابق رائل عمان پولیس (آر او پی) نے تقریباً 60 کلو گرام کرسٹل ڈرگ ضبط کی ہے ، یہ منشیات دو غیر ملکیوں کے پاس سے اس وقت ملی جب وہ سلطنت عمان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

اس ضمن میں آر او پی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی البطینہ گورنریٹ میں کوسٹ گارڈ پولیس نے 2 غیر ملکیوں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ، ان کی کشتی سے تقریباً 60 کلو گرام کرسٹل ڈرگ پکڑی گئی ، گرفتاری کے بعد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر خلیجی سلطنت عمان میں غیر اخلاقی حرکات میں ملوث 10 غیر ملکی پکڑے گئے ، رائل عمان پولیس (ROP) نے غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہونے پر دس غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے ، اس ضمن میں آر او پی نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی البطینہ گورنریٹ پولیس کمان نے ایک خاتون سمیت دس ایشیائی باشندوں کو غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ، ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے ، اس کے علاوہ مسقط گورنریٹ پولیس کمانڈ نے بھی مختلف ایشیائی قومیتوں کی 9 خواتین سمیت 20 افراد کو اخلاقیات اور عوامی مفاد کے منافی کاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 9 نومبر کو بھی رائل عمان پولیس نے غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہونے پر 4 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا تھا ، رائل عمان پولیس کی طرف سے آن لائن جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہونے کے الزام میں 2 خواتین سمیت 4 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ، اس مقصد کے لیے کارروائی شمالی الشرقیہ گورنریٹ پولیس کمانڈ کی جانب سے عمل میں لائی گئی ، ملزمان اپنے اہداف کے ساتھ بات چیت کے لیے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کا استعمال کرتے تھے اور ایک بار بات چیت شروع ہونے کے بعد یہ غیر اخلاقی حرکات میں ملوث پائے گئے ، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے ۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں