عمان کو کورونا کے بدترین چیلنج کا سامنا‘ یومیہ کیسز کی تعداد ملکی تاریخ کے بلند ترین مقام پر پہنچ گئی

خلیجی سلطنت میں وباء کے آغاز کے بعد سے یکم فروری 2022ء کو 2,828 کورونا کیسز سامنے آئے‘ اس سے پہلے سلسطنت میں سب سے زیادہ 2,529 کیسز 21 جون 2021ء کو رپورٹ ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 فروری 2022 13:34

عمان کو کورونا کے بدترین چیلنج کا سامنا‘ یومیہ کیسز کی تعداد ملکی تاریخ کے بلند ترین مقام پر پہنچ گئی
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 فروری 2022ء ) خلیجی سلطنت عمان کو عالمی وباء کورونا وائرس کے بدترین چیلنج کا سامنا ہے ، جہاں یومیہ کیسز کی تعداد ملکی تاریخ کے بلند ترین مقام پر پہنچ گئی ۔ عمانی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے شائع کردہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ عمان میں وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے منگل کے روز سب سے زیادہ یومیہ کووِڈ انفیکشنز ریکارڈ کیے گئے ، 1 فروری 2022ء کو عمان میں 2,828 یومیہ کیسز سامنے آئے ، گزشتہ سب سے زیادہ کیسز 21 جون 2021ء کو رپورٹ ہوئے تھے جب 2,529 انفیکشن رپورٹ ہوئے۔

ملک میں ڈیٹا تجزیہ کار اور سماجی کارکن ابراہیم المیمانی نے بتایا کہ 1,134 لوگ اس بیماری سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور 97 لوگوں کو گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہسپتال میں داخل کیا گیا ، جہاں انتہائی نگہداشت میں 52 افراد بھی ہیں جب کہ 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جس سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 4,148 ہوگئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جنوری 2022ء کے دوران عمان میں روزانہ اوسطاً 1,073 نئے کیسز کے ساتھ 33,272 نئے کورونا انفیکشن رپورٹ ہوئے ، دسمبر اس وائرس سے 19,584 افراد متاثر ہوئے تھے ، اس عرصے کے دوران صحت یاب ہونے کی شرح 93 فیصد تک گر گئی ۔

مزید برآں اس سال کے پہلے مہینے کے دوران آئی سی یو میں داخل مریضوں اور لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ، ہسپتالوں میں داخلے میں نمایاں اضافہ ہوا جب کہ 2022ء کے آغاز میں ہسپتالوں میں صرف 14 افراد تھے تاہم جنوری مہینے کے آخر تک 320 افراد کا علاج کیا جا رہا تھا ، اسی طرح اس مدت کے دوران آئی سی یو کی تعداد صرف چار مریضوں سے بڑھ کر 52 مریضوں تک پہنچ گئی ، جنوری میں کورونا سے 30 افراد ہلاک ہوئے۔

وزارت صحت نے لوگوں کو پروٹوکول پر عمل کرنے کی اہمیت کے بارے میں یاد دلایا ہے تاکہ خود کو اور دوسروں کو انفیکشن سے بچایا جا سکے ، اس ضمن میں MOH نے روزانہ بریفنگ کے ایک حصے کے طور پر کہا کہ ماسک پہننے اور سماجی اور جسمانی دوری کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کے ساتھ ہم خود کو اپنے خاندانوں اور اپنی برادری کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے روک سکتے ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں