عمان نے مسافروں کے ملک میں داخلے کی پابندیوں میں توسیع کردی

ملک میں کورونا وباء کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے پر خلیجی سلطنت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو اگلے نوٹس تک پھر سے نافذ کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 فروری 2022 14:53

عمان نے مسافروں کے ملک میں داخلے کی پابندیوں میں توسیع کردی
مسقط ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 03 فروری 2022ء ) عمان نے مسافروں کے ملک میں داخلے کی پابندیوں میں توسیع کردی ۔ عمانی میڈیا کے مطابق خلیجی سلطنت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے پابندیوں میں اگلے نوٹس تک توسیع کی گئی ہے ، ملک میں کورونا وباء کے ریکارڈ کیسز سامنے آنے پر خلیجی سلطنت کی طرف سے 26 دسمبر 2021ء پابندیوں کا اطلاق کیا گیا تھا ، عمان پہنچنے والے مسافروں کے لیے قوانین پر عمل کرنے کے بارے میں فیصلے اب بھی لاگو ہوں گے جو کہ درج ذیل ہیں؛
1. 18 سال سے زیادہ عمر کے تارکین وطن اور غیر ملکی شہریوں کے لیے ویکسی نیشن کی 2 خوراکیں لازمی ہوں گی۔

2. ملک میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کے لیے ایک منفی پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ضروری ہوگا ، جس کے لیے سفر پر روانہ ہونے سے 72 گھنٹے سے بھی کم وقت پہلے ٹیسٹ کیا جانا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

3. قواعد میں توسیع سے پہلے اور آمد کی تاریخ میں توسیع کے 72 گھنٹے سے زیادہ نہ ہونے کی صورت میں آمد پر ٹیسٹ بک کروانے والوں کے لیے استثنیٰ کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ عمان کو عالمی وباء کورونا وائرس کے بدترین چیلنج کا سامنا ہے ، جہاں یومیہ کیسز کی تعداد ملکی تاریخ کے بلند ترین مقام پر پہنچ گئی ہے ، عمان میں وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے منگل کے روز سب سے زیادہ یومیہ کووِڈ انفیکشنز ریکارڈ کیے گئے ، 1 فروری 2022ء کو عمان میں 2,828 یومیہ کیسز سامنے آئے ، گزشتہ سب سے زیادہ کیسز 21 جون 2021ء کو رپورٹ ہوئے تھے جب 2,529 انفیکشن رپورٹ ہوئے۔

ملک میں ڈیٹا تجزیہ کار اور سماجی کارکن ابراہیم المیمانی نے بتایا کہ 1,134 لوگ اس بیماری سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور 97 لوگوں کو گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہسپتال میں داخل کیا گیا ، جہاں انتہائی نگہداشت میں 52 افراد بھی ہیں جب کہ 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جس سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 4,148 ہوگئی جب کہ جنوری 2022ء کے دوران عمان میں روزانہ اوسطاً 1,073 نئے کیسز کے ساتھ 33,272 نئے کورونا انفیکشن رپورٹ ہوئے ، دسمبر اس وائرس سے 19,584 افراد متاثر ہوئے تھے ، اس عرصے کے دوران صحت یاب ہونے کی شرح 93 فیصد تک گر گئی ۔

مزید برآں اس سال کے پہلے مہینے کے دوران آئی سی یو میں داخل مریضوں اور لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ، ہسپتالوں میں داخلے میں نمایاں اضافہ ہوا جب کہ 2022ء کے آغاز میں ہسپتالوں میں صرف 14 افراد تھے تاہم جنوری مہینے کے آخر تک 320 افراد کا علاج کیا جا رہا تھا ، اسی طرح اس مدت کے دوران آئی سی یو کی تعداد صرف چار مریضوں سے بڑھ کر 52 مریضوں تک پہنچ گئی ، جنوری میں کورونا سے 30 افراد ہلاک ہوئے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں