عمان نے دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی کردی

تمام مسافروں کے لیے قبل از آمد رجسٹریشن کی شرط ختم کردی گئی ‘ 18 سال اور زائد عمر کے تمام مسافروں کو خلیجی سلطنت پہنچنے پر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اور منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 فروری 2022 13:04

عمان نے دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی کردی
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 فروری 2022ء ) عمان نے دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی کردی ، بیرون ملک سے خلیجی سلطنت آنے والے تمام مسافروں کے لیے قبل از آمد رجسٹریشن کی شرط ختم کردی گئی ہے تاہم اب بھی 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام مسافروں کو عمان پہنچنے پر منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ عمانی میڈیا کے مطابق ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا کہ عمان پہنچنے والے مسافروں کو وزارت صحت کی ویب سائٹ www.travel.moh.gov.om پر مزید رجسٹر کرنے کی ضرورت نہیں ہے تاہم 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مسافروں کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے منظور شدہ کورونا ویکسین کی کم از کم دو خوراکیں حاصل کی ہیں ، اس کے علاوہ 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام مسافروں کو عمان آمد پر یا پہنچنے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر کورونا ٹیسٹ اور کورونا کا احاطہ کرنے والا ہیلتھ انشورنس پیش کرنا بھی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے، کل عمان میں 1,036 نئے کیسز کا پتہ چلا اور 3 مزید اموات ہوئیں ، اس دوران 2,076 افراد صحت یاب بھی ہوئے جب کہ اس وقت سلطنت میں مثبت کیسوں کی کل تعداد 3لاکھ 76 ہزار 724 ہو گئی ہے ، COVID-19 سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 4,234 ہے جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 3لاکھ 58 ہزار133 ہوگئی ہے۔

ادھر عمان میں روزگار کے خواہشمندوں کیلئے 2 لاکھ سے زائد اسامیوں کی خوشخبری سنادی گئی ، سلطنت کے وزیر محنت مہاد باون نے کہا کہ سلطنت عمان میں خصوصی ملازمتوں کے لیے اس وقت 2 لاکھ سے زیادہ آسامیاں خالی ہیں ، جن کے لیے وزارت فی الحال ماہر، تکنیکی اور درمیانے درجے کے پیشہ ور افراد کو نشانہ بنا رہی ہے کیوں کہ مارکیٹ میں 3,000 سے زیادہ پیشے ہیں جہاں مختلف شعبوں میں اسامیوں کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ 50 ہزار کے درمیان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت اس وقت وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ لوگوں کو تعلیمی میدان میں لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے کا اہل بنایا جا سکے ، اس کے علاوہ اس سال کی دوسری ششماہی کے دوران کم از کم اجرت کا جائزہ لیا جائے گا ، کم از کم اجرت کا جائزہ مشترکہ کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ ایک مربوط نظام کام کرتا ہے اور اس سال کے دوسرے نصف میں اس حوالے سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں