عمان میں انڈین اسکول اب تمام قومیتوں کے طلباء کو داخلہ دیں گے

داخلہ لینے کے خواہشمند طلباء کو پچھلے اسکول سے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ اور رپورٹ کارڈ فراہم کرنا ہوگا ‘ بچے کو اپنے ملک کے سفارتخانے سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 فروری 2022 13:26

عمان میں انڈین اسکول اب تمام قومیتوں کے طلباء کو داخلہ دیں گے
مسقط ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2022ء ) عمان میں اب تمام قومیتوں کے بچوں کو نئی تعلیمی مدت کے لیے عمان انڈین اسکولوں میں داخلہ لینے کی اجازت ہوگی ۔ ٹائمز آف عمان کے مطابق غیر ہندوستانی طلباء جو ہندوستانی اسکولوں میں داخلہ لینا چاہتے ہیں انہیں داخلے کے لیے درخواست دیتے وقت اپنے پچھلے اسکول سے ٹرانسفر سرٹیفکیٹ اور رپورٹ کارڈ فراہم کرنا ہوگا ، مزید برآں بچے کا تعلق جس ملک سے ہے اس کے سفارت خانے سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا ہوگا ، اس کے بعد اسکول کا عملہ یہ دیکھنے کے لیے بچے سے ملاقات کرے گا کہ آیا وہ داخلے کے لیے تمام تقاضوں پر پورا اترتا ہے ، کچھ معاملات میں بچوں کو داخلہ ٹیسٹ دینے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے جو کہ متعدد مضامین میں ان کے بنیادی علم کی جانچ کرے گا ۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کنڈرگارٹن سے گریڈ IX تک ہندوستانی اسکولوں میں داخلے فی الحال کھلے ہیں ، کورونا وباء کی وجہ سے والدین اور بچوں کے داخلے کے تمام طریقہ کار www.indianschoolsinoman.com/admit.aspx پر آن لائن کرنے کی ضرورت ہے ، تاہم عمانی طلباء کو داخلے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وزارت تعلیم کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ انہیں اپنے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔

اس حوالے سے عمان میں ہندوستانی اسکولوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ایک رکن نے کہا ہے کہ تمام قومیتوں کے غیر ملکی طلباء کو اجازت دینے کا فیصلہ ملک میں ہندوستانی اسکولوں میں اب دستیاب نشستوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے لیا گیا ہے ، ہندوستانی اسکولوں میں تقریباً اس وقت 39,000 طلباء پڑھ رہے ہیں جو کہ تقریباً 46,000 کی چوٹی سے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم طلبہ کی اصل تعداد صرف اس وقت جان پائیں گے جب ہم اگلی مدت میں فزیکل کلاسز دوبارہ شروع کریں گے، اس وقت ہمارے بہت سے طلباء وبائی امراض کے دوران ہندوستان چلے گئے اور وہاں سے اپنی آن لائن تعلیم جاری رکھی ، اس لیے ان کے واپس آنے کے بعد ہی حتمی گنتی کی جا سکتی ہے ۔

بورڈ رکن نے مزید کہا کہ تمام قومیتوں کے بچوں کے لیے داخلہ کھولنے کی وجہ یہ ہے کہ اب ہمارے اسکولوں میں بہت سی جگہیں خالی ہیں ، یہ دو وجوہات کی بناء پر ہے ، پہلی یہ کہ بہت سے تارکین وطن نے وبائی امراض کے دوران عمان چھوڑ دیا اور دوسرا ہم نے بوشر میں ایک نیا اسکول کھولا ہے جو ہمیں مزید بچوں کو ایڈجسٹ کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے ، عمان میں ہندوستانیوں کے لیے کمیونٹی اسکول کے نظام کے طور پر ہمارے طلبہ کی اکثریت ہندوستانی ہے ، اگرچہ ہم ہمیشہ دیگر قومیتوں کے طلبہ کو ہمارے ساتھ شامل ہونے کی ترغیب دیتے ہیں لیکن ان کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی کیونکہ وہاں کوئی نشستیں دستیاب نہیں تھیں یہاں تک کہ ہندوستانی طلباء کو بھی کہیں اور داخلہ لینے پر مجبور کیا گیا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں