ذاکرنائیک کی عمان میں موجودگی پر بھارت کا خلیجی ملک سے رابطہ

معروف اسلامی مبلغ حکومت کی سرکاری دعوت پر عمان میں 2 لیکچرز دینے کے لیے سلطنت پہنچے ہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 25 مارچ 2023 17:16

ذاکرنائیک کی عمان میں موجودگی پر بھارت کا خلیجی ملک سے رابطہ
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مارچ 2023ء ) معروف اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکرنائیک کی عمان میں موجودگی پر بھارت نے خلیجی ملک سے ان کی حوالگی کے لیے رابطہ کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت کی سرکاری دعوت پر عمان میں 2 لیکچرز دینے کے لیے وہاں پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے عمان کنونشن اینڈ ایگزی بیشن سینٹر میں ایک تقریر کی اور کہا جاتا ہے کہ یہ تقریب حکومت کے زیر اہتمام ہوئی، جس کا اہتمام عمان کی وزارت اوقاف اور مذہبی امور نے کیا، حکومت نے اس تقریب کی باضابطہ تصدیق بھی کی، ذاکر نائیک کا پہلا لیکچر "قرآن پاک ایک عالمی ضرورت ہے" کے عنوان سے 23 مارچ کو 'عمان کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر' میں ہوا، ان کا دوسرا لیکچر "پیغمبر محمدﷺ انسانوں کے لیے ایک رحمت" پر ہوگا جو 25 مارچ کو سلطان قابوس یونیورسٹی میں شیڈول ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بھارت اس ایونٹ پر نظر رکھے ہوئے ہے، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہندوستانی انٹیلی جنس ایجنسیاں ذاکر نائیک کو ملک کے دورے کے دوران حراست میں لینے کے لیے عمان حکومت کے حکام سے رابطے میں ہیں، وزارت خارجہ نے یہ معاملہ ہندوستان میں عمان کے قونصلیٹ جنرل کے ساتھ اٹھایا ہے جب کہ عمان میں ہندوستانی قونصل خانے نے بھی یہ معاملہ حکومت عمان کے ساتھ اٹھایا۔

اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ خلیجی ملک کی جانب سے ذاکر نائیک کی میزبانی کرنے کی خبروں کے بعد ہندوستانی حکومت عمان کے ساتھ رابطے میں ہے، ذاکر نائیک بھارت میں متعدد مقدمات میں ملزم ہیں، ہم نے یہ معاملہ عمان کے حکام کے ساتھ اٹھایا ہے اور ہم اسے ہندوستان میں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتے رہیں گے۔ خیال رہے کہ معروف مذہی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو فیفا ورلڈ کپ کے دوران لیکچرز کیلئے بھی مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہوں پورے ٹورنامنٹ میں مذہبی موضوعات پر لیکچرز دیئے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں