عمان نے لائف ٹائم ڈرائیونگ لائسنس کا اعلان کردیا

کم از کم 15 سال کا ڈرائیونگ تجربہ رکھنے والوں کو شرائط پر پورا اترنے پر یہ لائسنس جاری کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اپریل 2023 16:23

عمان نے لائف ٹائم ڈرائیونگ لائسنس کا اعلان کردیا
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 اپریل 2023ء ) خلیجی سلطنت عمان نے لائف ٹائم ڈرائیونگ لائسنس کا اعلان کردیا، لائسنس حاصل کرنے کے لیے شہریوں کا ٹریفک ریکارڈ صاف ہونا ضروری ہے۔ گلف نیوز کے مطابق عمان میں ٹریفک کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے لائف ٹائم پرائیویٹ لائٹ وہیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے ضوابط کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں رائل عمان پولیس (آر او پی) نے کہا ہے کہ لائسنس صرف ان شہریوں کے لیے دستیاب ہوگا جن کے پاس کم از کم 15 سال سے درست ڈرائیونگ لائسنس ہے اور وہ ڈرائیور کے طور پر ملازمت نہیں کر رہے۔

بتایا گیا ہے کہ مستقل خصوصی لائٹ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دہندگان کے پاس درخواست سے پہلے کے تین سالوں میں کسی بھی قسم کی پہلے زمرے کی ٹریفک خلاف ورزیوں سے پاک ٹریفک ریکارڈ ہونا چاہیے، اصلاحی عینکوں یا چشموں کے استعمال کے استثناء کے ساتھ انہیں کسی بھی قسم کا طبی مسئلہ لاحق نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ لائف ٹائم لائسنس صرف پرائیویٹ ہلکی گاڑیوں کے لیے جاری کیا جائے گا اور یہ 70 سال کی عمر تک کارآمد رہے گا، جس کے بعد اس کی تجدید کرنی ہوگی تاہم مذکورہ بالا شرائط میں سے کوئی بھی غلط ثابت ہونے پر مستقل لائسنس واپس لے لیا جائے گا۔

اسی طرح عمان نے غیرملکی کارکنوں کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، عمان کے وزیر محنت مہاد الباوین نے کہا ہے کہ تارکین وطن کے لیے ملازمت پر رہنے کے لیے 60 سال کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد کو ختم کرنے کا مقصد نجی شعبے کو حاصل کردہ تجربے سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرنا ہے، کارکنوں کے لیے عمر کی حد کو ہٹانے کے فیصلے کا اعلان جنوری میں سلطنت کے فیصلے کے سلسلے کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا، جس میں نئے سماجی تحفظ کے قانون میں زچگی کی چھٹی کو موجودہ 50 سے بڑھا کر 98 دن کرنا بھی شامل ہے، جس کا مسودہ کونسل وزراء نے حال ہی میں عمان کی کونسل کو بھیجنے کی منظوری دی۔

'ٹوگیدر وی ایڈوانس' فورم میں خطاب کرتے ہوئے الباوین نے کہا کہ عمر کی حد کو اٹھانے کے 'لچکدار' فیصلے سے نجی شعبے میں کاروباری مالکان کو فائدہ پہنچے گا اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا، نئے فیصلے کے تحت 60 سال کی عمر کے بعد ایمپلائمنٹ ویزے کی توسیع پر پابندی کے اصول کو ختم کر دیا گیا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں