قطر پاکستان کا قابل اعتبار دوست ملک ہے ، وزیر خارجہ

افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے قطر نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں گفتگو

اتوار 30 دسمبر 2018 17:40

قطر پاکستان کا قابل اعتبار دوست ملک ہے ، وزیر خارجہ
دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2018ء) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ قطر پاکستان کا قابل اعتبار دوست ملک ہے اور افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے قطر نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے جبکہ قطر کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت، تعلیم اور سفری سہولیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہا رکرتے ہوئے کہاہے کہ قطر کے عوام پاکستان کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر اعتماد رکھتے ہیں ۔

انہوں نے ان خیالات کااظہاراتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قطر کے وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی، قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حماد الثانی اور نائب وزیر اعظم و وزیر امور خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ قطر پاکستان کا قابل اعتبار دوست ملک ہے، دونوں ممالک کے مابین باہمی روابط تیزی سے فروغ پا رہے ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔قطر کے وزیراعظم نے کہاکہ قطر کے عوام پاکستان کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر اعتماد رکھتے ہیں ۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت، تعلیم اور سفری سہولیات کے حوالے سے دونوں مالک کے مابین تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہاربھی کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قطری وزیراعظم کی طرف سے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کی طرف سے، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوحہ کے دیوان امیری میں قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حماد االثانی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطرکے نائب امیر نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے مابین تجارت، تعلیم اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی گفتگو ہوئی۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ قطر اس خطے کا اہم ملک ہے اور افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے قطر نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ وزیرخارجہ نے قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر امور خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ باہمی تعلقات اور روابط میں فروغ، سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطری وزیر خارجہ نے قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم جلد مزید پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت مواقع مہیا کریں گے۔ انہوں نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان 2022 میں فٹ بال کے عالمی کپ میں قطر کے ساتھ ہر سطح پر معاونت فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تجارت میں پچھلے ایک سال میں فقیدالمثال اضافہ ہوا ہے ۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق بھی کیا۔ قطر کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جب ایک روزہ سرکاری دورہ پر دوحہ پہنچے تو حمد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر چیف آف پروٹوکول، وزارت خارجہ قطر، سفیر اپراہیم یوسف فخرو اور پاکستانی سفارتخانے کے سینیئر حکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں