قطر میں بھارتی اور سری لنکن مزدوروں کا پُرتشدد احتجاج، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ

کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر غیر مُلکی ملازمین نے مونڈیال کمپنی کی تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچایا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 اپریل 2019 11:12

قطر میں بھارتی اور سری لنکن مزدوروں کا پُرتشدد احتجاج، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 اپریل 2019ء) قطر کے دارالحکومت دوجہ میں گزشتہ روز سینکڑوں انڈین اور سری لنکن مزدوروں نے کئی ماہ تک تنخواہ نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ شروع کر دی، جس کے دوران مونڈیال کمپنی کی مختلف تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مزدور ورلڈ کپ کے لیے مختلف سٹیڈیمز اور دیگر تنصیبات کی تعمیر کا کام کر رہے تھے۔

جنہیں مبینہ طور پر کئی ماہ سے تنخواہ کے علاوہ دیگر طبی سہولیات اور بنیادی حقوق بھی فراہم نہ کیے گئے۔ ان مظاہرین کا کہنا تھا کہ اُن سے قطری لیبر قوانین کے برعکس دِن رات ڈیوٹی سے زائد کام لیا جا رہا ہے۔ اُنہیں کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں اس کے علاوہ مناسب رہائش اور کھانا بھی فراہم نہیں کیا جا رہا۔

(جاری ہے)

ایک ایشیائی کارکن نے ایک یورپی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ انتہائی افلاس کی حالت میں یہاں وقت گزار رہے ہیں۔

جبکہ ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ان ورلڈ کپ کے لیے جاری تعمیرات کے دوران 12 سو غیر مُلکی کارکن مناسب سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس حوالے سے ٹویٹر پر ’دوحہ میں توڑ پھوڑ‘ ہیش ٹیگ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔ ایک خاتون سارا فہمی نے کہا ہے کہ قطر میں یہ بحران اس وقت سامنے آیا جب نیپال کے ایک اخبار نے مزدوروں کی ناگفتہ بہ حالت پر خبر شائع کی جس میں بتایا گیا تھا کہ نیپالی مزدوروں سے 900ریال میں معاہدہ کیا گیا مگر دوحہ پہنچنے کے بعد انہیں 300ریال تنخواہ دی گئی۔

جبکہ ایک اور سوشل میڈیا صارف نے قطری انتظامیہ کو لتاڑتے ہوئے کہا ’’قطری انتظامیہ کو بیچارے ملازمین کی تنخواہ دے دینی چاہیے۔ وہ اپنا گھر بار چھوڑ کر تمہارے پاس کام کرنے آئے ہیں۔ وہ تمہارے غلام نہیں۔‘‘

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں