خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہو گئی

مرنے والا بنگلہ دیش کا شہری تھا، مزید 28 افراد میں کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد متاثرین کی گنتی 588 تک جا پہنچی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 مارچ 2020 11:12

خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہو گئی
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مارچ 2020ء) قطر میں بھی کورونا وائرس نے اپنے پنجے مضبوطی سے گاڑ لیے ہیں۔گزشتہ روز کورونا وائرس سے ایک بنگلہ دیشی شہری چل بسا، جو قطر میں کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔ قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کیو این اے نے بتایا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ کورونا وائرس کا شکار بنگلہ دیشی باشندہ موت کے منہ میں چلا گیا ہے۔

متوفی کی عمر 57 سال تھی اور وہ پہلے سے ہی کئی دیگر بیماریاں کا شکار تھا۔ وزارت صحت کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مزید 28 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی گنتی 588ہو گئی ہے۔جبکہ کورونا وائرس کے مزید دو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں، جو مقامی باشندے ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک مملکت میں کورونا کے 45 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ قطری حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر 17 مارچ کو مساجد کی وقتی بندش اور ان میں نماز پنجگانہ و نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی تھی۔ مملکت میں مجموعی طور پر 13,681 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ قطری مملکت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام غیر ضروری دُکانیں بند کروا دی گئی ہیں، اس کے علاوہ کیفے اور تفریحی آؤٹ لیٹس کھولنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

جو دُکانیں کھُلی رکھی گئی ہیں، ان کے اوقات بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ان اوقات کے علاوہ کسی کو دُکان کھلنے رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ فارمیسیز، کریانہ سٹورز اور ڈلیوری سٹورز پر اوقات کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائر س کا سب سے بڑا نشانہ مزدور طبقہ بن رہا ہے۔ ایمنسٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں سینکڑوں مزدور کورونا وائرس کے باعث ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔ تاہم انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ جس کے باعث مزدوروں میں حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ 

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں