قطر میں کورونا وائرس بے قابو، ایک ہی روز میں 10 افراد ہلاک

مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی گنتی 11,311 تک پہنچ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 30 اپریل 2020 09:59

قطر میں کورونا وائرس بے قابو، ایک ہی روز میں 10 افراد ہلاک
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 اپریل 2020ء ) خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں بہت تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں کورونا کے 643کیسز سامنے آئے ہیں، جس نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ نئے کیسز کے بعد قطر میں متاثرہ افراد کی گنتی 11,311 تک پہنچ گئی ہے۔گزشتہ روز کورونا کے 10 مریض لقمہ اجل بن گئے، جو قطر میں کورونا سے ایک ہی روز میں مرنے والوں کی ریکارڈ گنتی ہے۔

قطری وزارت صحت کے مطابق کورونا کے مزید109 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں،اس طرح مملکت میں کورونا سے شفا پانے والوں کی مجموعی گنتی 1243 ہو گئی ہے۔ نئے مریضوں میں سے زیادہ تر وہ ہیں جو کورونا سے پہلے سے متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں رہے جبکہ کچھ نئے مریض دیگر ممالک سے واپسی پر کورونا کا شکار پائے گئے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی اور تارکین میں سے کچھ لوگوں کوسانس لینے میں دُشواری پر ہسپتال لایا گیا تو ان میں اس موذی مرض کی تشخیص ہوئی۔

وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک مقامی اور تارکین وطن کے مجموعی طور پر80 ہزار سے ائد ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔ مملکت میں جو کورونا کے مریضوں کی گنتی میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، یہ کیسز کے بلند ترین سطح پر ہونے کی نشانی ہے۔اس کے بعد آہستہ آہستہ مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوتی نظر آئے گی۔ واضح رہے کہ قطری حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر 17 مارچ کو مساجد کی وقتی بندش اور ان میں نماز پنجگانہ و نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

مملکت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام غیر ضروری دُکانیں بند کروا دی گئی ہیں، اس کے علاوہ کیفے اور تفریحی آؤٹ لیٹس کھولنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ جو دُکانیں کھُلی رکھی گئی ہیں، ان کے اوقات بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ان اوقات کے علاوہ کسی کو دُکان کھلنے رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ فارمیسیز، کریانہ سٹورز اور ڈلیوری سٹورز پر اوقات کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خلیجی ریاست قطر میں کورونا وائر س کا سب سے بڑا نشانہ مزدور طبقہ بن رہا ہے۔ ایمنسٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق مملکت میں سینکڑوں مزدور کورونا وائرس کے باعث ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔ 

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں