قطر کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا

91 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے، ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 8 ہزار رہ گئی، اب تک کل 123 اموات ہوئیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 جولائی 2020 21:53

قطر کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 جولائی 2020ء) قطر کورونا وائرس کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گیا، 91 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے، ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف 8 ہزار رہ گئی، اب تک کل 123 اموات ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست قطر میں کورونا مریضوں کی گنتی ایک لاکھ کے ہندسے کی جانب تیزی سے دوڑ رہی ہے۔ مملکت میں گزشتہ روز مزید 530افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

قطری وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی99,183 ہوگئی ہے ، جن میں غیر ملکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جبکہ مزید 1804 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے، اب تک مجموعی طور پر90،387 افراد کورونا کو شکست دے کر شفایاب ہو چکے ہیں۔ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج افراد کی گنتی 8,673 ہے۔ مملکت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 123 تک جا پہنچی ہے ۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر اب تک 3لاکھ 66ہزار سے زائد افراد کی کورونا سکریننگ ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کے خدشے کے پیش نظر گزشتہ ماہ پانچ سو قیدیوں کی سزا معاف کرنے کے بعد انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ قطری حکومت نے کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔

اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک مقامی اور تارکین وطن کے مجموعی طور پرتین لاکھ سے زائد ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔ اٹھائے گئے سخت اقدامات کے باعث مریضوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ واضح رہے کی خلیجی ممالک میں اس وقت سعودی عرب سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی۔ جبکہ قطر کرونا وائرس سے متاثرہ مملک کی فہرست میں 21 ویں نمبر پر ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں