قطر کورونا سے نمٹنے میں کامیابی کے قریب پہنچ گیا

مملکت میں 1 لاکھ 8 ہزار افراد صحت یاب، زیر علاج مریضوں کی گنتی 3,100 رہ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 اگست 2020 16:04

قطر کورونا سے نمٹنے میں کامیابی کے قریب پہنچ گیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2020ء) قطر کی ریاست میں کورونا کو بُری طرح شکست ہو نے لگی ہے۔ قطری حکام نے اُمید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی مملکت سے کورونا کا خاتمہ ہو جائے گا۔ مملکت میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی گنتی 3,143 رہ گئی ہے جبکہ 1لاکھ8 ہزاردو مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ روز مزید215افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم کسی کورونا مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

قطری وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کوروناکیسز کی مجموعی گنتی1لاکھ11ہزار145ہو گئی ہے ، جن میں غیر ملکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جبکہ مزید223 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔مملکت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد177 تک جا پہنچی ہے ۔ہسپتالوں میں زیر علاج 75 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی ہزاروں افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے، جن کی رپورٹس ابھی ایک دو روز میں آنا باقی ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے قطر میں کورونا کیسز کی گنتی گھٹ رہی ہے، جو بہت خوش آئند بات ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ قطر سے کورونا کا خاتمہ ہو چکا ہے، تاہم جلد ہی اس وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔تاہم اس کے لیے تمام افراد کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ اب تک پانچ لاکھ پندرہ ہزارسے زائد افراد کی کورونا سکریننگ ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ قطری حکومت نے کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں