قطر میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی گنتی 3 ہزار رہ گئی

مملکت میں مزید 268 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی،اموات کی گنتی 193 تک پہنچ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 اگست 2020 17:21

قطر میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی گنتی 3 ہزار رہ گئی
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اگست 2020ء) کورونا کی مہلک وبا پر قابو پانے میں تمام خلیجی ریاستوں میں اب تک قطر کو زیادہ کامیاب حاصل ہوئی ہے۔ قطری حکام نے اُمید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی مملکت سے کورونا کا خاتمہ ہو جائے گا۔ مملکت میں کورونا کے زیر علاج 3,107مریضوں کی گنتی رہ گئی ہے جبکہ 1لاکھ12 ہزار924مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

مملکت میں گزشتہ روز مزید268افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم کسی کورونا مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔قطری وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کوروناکیسز کی مجموعی گنتی1لاکھ16ہزار31ہو چکی ہے ، جن میں غیر ملکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ گزشتہ روز بھی مزید266 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔مملکت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد193 تک جا پہنچی ہے ۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں میں زیر علاج64 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ گزشتہ روز بھی6,260 افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے، جن کی رپورٹس آنا باقی ہیں۔اب تک 5 لاکھ72 ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں ۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے قطر میں کورونا کیسز کی گنتی گھٹ رہی ہے، جو بہت خوش آئند بات ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ قطر سے کورونا کا خاتمہ ہو چکا ہے، تاہم جلد ہی اس وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔

تاہم اس کے لیے تمام افراد کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ اب تک پانچ لاکھ پندرہ ہزارسے زائد افراد کی کورونا سکریننگ ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ قطری حکومت نے کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں