برسوں کی ناراضگی کے بعد صلح ہونے پرسعودی عرب اور قطر میں تجارتی راستہ بھی کھول دیا گیا

قطری حکومت نےتجارتی سامان کے تبادلے کے لیے ’ابوسمرہ‘ کی زمینی گزرگاہ کھول دی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 فروری 2021 14:06

برسوں کی ناراضگی کے بعد صلح ہونے پرسعودی عرب اور قطر میں تجارتی راستہ بھی کھول دیا گیا
دوحہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 فروری2021ء) سعودی عرب اور قطر میں کئی سال تک تعلقات کشیدہ رہے۔ تلخی کے اس دور میں دونوں ممالک کے درمیان تمام تر سفری، سفارتی اور تجارتی رابطے بند کر دیئے گئے تھے۔ تاہم گزشتہ سال سعودی عرب کے شہر العلاء میں ہونے والی خلیجی سربراہی کانفرنس کے موقع پر عالم اسلام کے ان دونوں ممالک کے درمیان تمام تر تلخیاں مٹ گئیں اور دونوں ممالک کے سربراہان نے گلے مل کر ماضی کی تلخیوں کو دفن کر ڈالا ہے۔

جس کے بعد قطر اور سعودیہ کے درمیان سمندری، زمینی اور فضائی رابطے بھی بحال ہو گئے ہیں۔ قطر اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی اشیاء کے تبادلے کے لیے ایک اور بڑا اقدام اُٹھا لیا گیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق قطر میں کسٹم جنرل اتھارٹی کی زمینی راستوں کی انتظامیہ نے "ابو سمرہ" کی سرحدی گزر گاہ کے ذریعے قطر اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تبادلے کو کھولنے سے متعلق اقدامات اتوار کے روز شروع کر دیے۔

(جاری ہے)

قطری سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس پیش رفت کا مقصد سامان اور تجارتی کھیپوں کی درآمد اور برآمد کا سلسلہ شروع کرنا ہے۔قطر کے حکام نے سعودی عرب میں "سلوی" کی سرحدی گزر گاہ سے قطر میں "ابو سمرہ" کی گزر گاہ تک آنے والے سامان کی نقل و حرکت کے حوالے سے کرونا وائرس ے متعلق احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر لاگو کی ہیں۔قطری حکام کے مطابق سعودی عرب سے سامان لانے والے ڈرائیوروں کے لیے مملکت کی وزارت صحت کا تصدیق شدہ سرٹفکیٹ لازم ہو گا جو یہ ثابت کرے کہ ان افراد کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹو ہے۔

یہ سرٹیفکیٹ 72 گھنٹوں سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان زمینی سرحد کے ذریعے آمد و رفت کا سلسلہ تین برس بعد پہلی مرتبہ 9 جنوری کو دوبارہ شروع ہوا۔ اس سے قبل سعودی عرب نے 4 جنوری کو قطر کے ساتھ زمینی ، سمندری اور فضائی حدود کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں