بدعنوانیوں کا الزام ، قطر کے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

علی شریف العمادی کو سرکاری خزانے اور اختیارات کے غلط استعمال پر گرفتار بھی کر لیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 مئی 2021 07:03

بدعنوانیوں کا الزام ، قطر کے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 مئی2021ء) قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی کو کرپشن کے الزامات پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کئی برسوں سے وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات علی شریف العمادی کو ان کے منصب سے سبکدوش کر دیا ہے اور انہیں گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ معزول وزیر خزانہ سے مبینہ کرپشن کے الزامات کے حوالے سے تحقیقات بھی کی جائے گی۔

گزشتہ روز قطر کے پبلک پراسیکیوٹر نے وزیرخزانہ علی شریف العمادی کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال اور اختیارات سے ناجائزفائدہ اٹھانے کے الزامات کے تحت گرفتاری کا حکم دیا ہے۔قطر کے سرکاری میڈیا کے مطابق پراسیکیوٹر کی جانب سے اس کارروائی کی اطلاع تو دی گئی ہے تاہم عہدے سے ہٹائے گئے وزیر خزانہ کے خلاف کرپشن سے متعلق الزامات کی انویسٹی گیشن سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔

(جاری ہے)

علی شریف العمادی نے قطر کے نیشنل بینک کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کی بہترین کارکردگی کو سامنے رکھتے ہی انہیں 2013ء میں وزیر خانہ مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس عہدے پر 8 سال تک خدمات انجام دیں۔ فی الحال یہ نہیں بتایا گیا کہ العمادی پر کس نوعیت کی بدعنوانی کے کیسز دائر کیے گئے ہیں تاہم پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ حکام ان سے سرکاری عہدے دار کی حیثیت سے سرزد ہونے والی غلط کاریوں کے الزامات کی تحقیقات کرتے رہے ہیں۔

قطر میں بدعنوانیوں کے الزامات میں اعلیٰ عہدیداروں کی گرفتاریاں بہت کم ہوتی ہیں، اور مقدمات بھی شاذ و نادر ہی چلائے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ 29 اپریل سے قطر نے پاکستان سمیت 6 ممالک کے مسافروں پرقرنطینہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔قطری حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک سے آنے والوں کو 10 روزہ ہیلتھ آئسولیشن میں رہنا ہو گا۔

اس پابندی سے پاکستان سے قطر جانے والے افراد کا خرچہ بڑھ گیا ہے۔ کیونکہ انہیں قطر جانے پر دس روز کے لیے کسی ہوٹل کے کمرے میں آئسولیشن میں رہناہوگا۔جس پر ان کا اچھا خاصا خرچہ آ سکتا ہے۔ یہ پابندی چھ ممالک کے باشندوں پر لگائی گئی ہے۔ قطر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور فلپائن سے آنے والے مسافروں کو 10 روز تک ہیلتھ آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔یہ نئی پابندی فوری طور پر لاگو ہو گی۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں