قطر میں پلاسٹک سرجن درجنوں لڑکیوں کے جنسی استحصال میں ملوث نکلا

سوشل میڈیا پر متعد د لڑکیوں اور خواتین نے غیر ملکی سرجن کے سیاہ کرتوت بے نقاب کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 جون 2021 13:36

قطر میں پلاسٹک سرجن درجنوں لڑکیوں کے جنسی استحصال میں ملوث نکلا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جون 2021ء) خواتین میں اپنے حُسن کی حفاظت کرنے اور اسے نکھارنے کی خواہش روز ِ ازل سے ہی موجود رہی ہے۔ ہر دور کی خواتین فیشن کے مطابق بناؤ سنگھار کرتی رہی ہیں۔ تاہم موجودہ دور میں بیوٹی انڈسٹری بہت تیزی سے پھیلی ہے۔ اب ہر خاتون زیادہ سے زیادہ دلکش نظر آنے کی خواہش رکھتی ہے۔ اکثر خواتین کو اپنا چہرہ دلفریب بنانے کا کریز ہوتا ہے ۔

اس مقصد کے لیے کوئی اپنے بھدے ناک کی سرجری کروا کر اسے خوبصورت بنواتی ہے، کوئی اپنے ہونٹوں کی سرجری کروا کر توجہ کا مرکز بننا چاہتی ہیں تو کوئی چہرے کی جھریاں دُور کرنے کے لیے بھی پلاسٹک سرجری کرواتی ہیں۔ خلیج ریاست قطر میں بھی درجنوں خواتین خوبصورت نظر آنے کی خواہش میں ایک ہوس پرست پلاسٹک سرجن کے جنسی استحصال کا نشانہ بن گئیں۔

(جاری ہے)

گلف نیو ز کے مطابق قطر میں سوشل میڈیا پر درجنوں خواتین ایک مشہور میڈیکل بیوٹی سنٹر کے پلاسٹک سرجن کے خلاف پھٹ پڑیں اور اس پر جنسی ہراسگی کے متعدد الزامات عائد کر دیئے ہیں۔ معروف سرجن کے خلاف یہ اسکینڈل اس وقت منظر عام پر آیا جب بے شمار لڑکیوں اور خواتین نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ انہیں ایک معروف کاسمیٹک سرجری سنٹر کے پلاسٹک سرجن M.A. نے جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا ہے۔

ملزم سرجن کا تعلق شام سے بتایا گیاہے۔ اب تک درجنوں لڑکیاں اس مریضانہ جنسی رویئے کے حامل سرجن کے خلاف متعدد انکشافات سامنے لے آئی ہیں۔ جس کے بعد قطری وزارت داخلہ نے بھی ان الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے جنسی ہراسگی میں ملوث سرجن کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کچھ افراد کے حوالے سے غیر اخلاقی حرکات کے الزامات ثابت آنے کے بعد متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

لوگوں کی سیکیورٹی اور سیفٹی کو ممکن بنانے کے عزم کے تحت مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس واقعے کے بعد معروف کاسمیٹک سرجری سنٹر نے شامی سرجن کی ملازمت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قطر کے پینل کوڈ کی شق 286 کے تحت جنسی زیادتی میں ملوث افراد کو کم از کم 15 سال قید کی سزا دی جاتی ہے۔ 

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں