قطر نے کابل ایئرپورٹ کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا

اگر تمام مسائل کو واضح طور پر حل نہیں کیا گیا تو قطر ہوائی اڈے کے آپریشن کی ذمہ داری قبول نہیں کر سکتا۔ قطری وزیر خارجہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 ستمبر 2021 11:33

قطر نے کابل ایئرپورٹ کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا
دوحہ ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 ستمبر 2021ء ) قطر نے کابل ایئرپورٹ کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق قطر نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک کابل ایئر پورٹ کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا جب تک موجودہ افغان حکومت سمیت تمام فریقین کے ساتھ اس کے آپریشن کے بارے میں واضح معاہدے نہیں ہوں گے۔ اس حوالے سے ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ اگر تمام مسائل کو واضح طور پر حل نہیں کیا گیا تو ان کا ملک ہوائی اڈے کے آپریشن کی ذمہ داری قبول نہیں کر سکتا ، ابھی بھی صورتحال مذاکرات میں زیر بحث ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد پہلی پرواز جو کابل ایئر پورٹ پر لینڈ کی وہ بھی قطر کی سرکاری ایئرلائن کی ہی تھی جب قطر ایئرویز کا طیارہ تکنیکی ٹیم کولے کر کابل پہنچا تھا ، جس میں تکنیکی ٹیم کابل ائیرپورٹ کے آپریشنز بحال کرنے کے سلسلے میں بات چیت کرنے آئی تھی ، اس ضمن میں فی الحال تکنیکی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا تاہم قطری ٹیم دیگر فریقین کی درخواست پر اس حوالے سے بات چیت کا عمل آگے بڑھا رہی ہے ، جس کا مقصد کابل ائیرپورٹ پر انسانی بنیادوں پر فضائی آپریشن کی بحالی ہے تاکہ انخلاء کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکے اور افغان شہریوں کو بیرون ملک جانے اور آنے کی سفری سہولیات میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح افغانستان سے جانے والی پہلی سویلین پرواز بھی قطر ایئرویز کی ہی تھی جو کابل سے دوحہ پہنچ گئی ، غیر ملکیوں کو لے جانے والی پہلی پرواز میں 100 سے زائد مسافر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے ، کابل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والی یہ پرواز قطر ایئر ویز کی تھی ، سرکاری ایئرلائن کی طرف سے چلائی جانے والی یہ پرواز جمعرات کو دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری جو کہ گزشتہ ماہ تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کی افراتفری والی انخلاء کی مہم کے اختتام کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی کامیاب پرواز ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں