قطر کا کورونا ایس او پیز اور ماسک سے متعلق پابندیوں میں نرمی کا اعلان

3 اکتوبر سے ماسک کے قوانین بیرونی سرگرمیوں پر لاگو نہیں ہوں گے، مارکیٹیں اور مالز پوری صلاحیت پر کھل جائیں گے، دفاتر کو مکمل عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت، آؤٹ ڈور ڈائنگ بھی بحال کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 ستمبر 2021 15:56

قطر کا کورونا ایس او پیز اور ماسک سے متعلق پابندیوں میں نرمی کا اعلان
دوحہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 ستمبر 2021ء ) خلیجی ملک قطر نے کورونا ایس او پیز اور ماسک سے متعلق پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا ، ماسک کے قوانین بیرونی سرگرمیوں پر لاگو نہیں ہوں گے، مارکیٹیں اور مالز پوری صلاحیت پر کھل جائیں گے، سرکاری اور نجی دفاتر کو بھی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت مل گئی، آؤٹ ڈور ڈائنگ بھی مکمل طور پر بحال کردی گئی ، ملک میں وباء کے روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز میں کمی کے بعد کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا جس میں سب سے اہم ماسک کے ضوابط میں نرمی ہے۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق بدھ کے روز قطر کی کابینہ نے کہا ہے کہ 3 اکتوبر سے ماسک کے قوانین عوامی تقریبات ، بازاروں اور نمائشوں کے سوا دیگر بیرونی سرگرمیوں پر لاگو نہیں ہوں گے ، مارکیٹیں اور مالز پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر سکتے ہیں ، بچوں کو اس طرح کی جگہوں میں داخل ہونے کی اجازت ہے ، تاہم اس دوران ہر سٹور میں صارفین کے جانے کی مقرر کردہ حد کو مدنظررکھنا ہوگا ، اس کے علاوہ فوڈ کورٹس کو 50 فیصد کی گنجائش کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہے اور تمام نماز کے علاقے اور مالز میں فٹنگ والے کمرے بھی دوبارہ کھل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح تمام عجائب گھروں اور پبلک لائبریریوں کو بھی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہے ، سرکاری اور نجی شعبوں میں دفاتر پوری صلاحیت کے ساتھ دوبارہ کام شروع کر سکتے ہیں ، آؤٹ ڈور ریستوران اور کیفے بھی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر سکتے ہیں ، جبکہ جن کی تصدیق نہیں ہوئی ہے انہیں 50 فیصد کام کرنے کی اجازت ہے ، انڈور ریستوران اور کیفے کو بھی 75 فیصد کام کرنے کی اجازت ہے جبکہ غیر تصدیق شدہ سہولیات 40 فیصد پر کام کر سکتی ہیں تاہم ماسک اب بھی مساجد ، اسکولوں ، ہسپتالوں اور یونیورسٹی کے احاطے کے ساتھ ساتھ تمام عوامی اندرونی مقامات میں پہننے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں