کسی سعودی حکمران کا 4 سال بعد قطر کا پہلا سرکاری دورہ

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان قطر کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے‘ یہ کسی بھی سعودی حکمران کا 2017ء کے جی سی سی بحران کے بعد قطر کا پہلا سرکاری دورہ ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 دسمبر 2021 11:07

کسی سعودی حکمران کا 4 سال بعد قطر کا پہلا سرکاری دورہ
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان قطر کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے‘ یہ کسی بھی سعودی حکمران کا 2017ء کے جی سی سی بحران کے بعد قطر کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ قطر کے مقامی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 2017ء کے بحران کے بعد خلیجی ریاست قطر کے اپنے پہلے دورے میں بدھ کو دوحہ پہنچے ، ان کا یہ دورہ 14 دسمبر کو ریاض میں ہونے والے GCC کے 42 ویں سالانہ اجلاس سے پہلے خلیجی خطے کے دورے کے ایک حصے کے طور پر ہورہا ہے ، جس کے ذریعے شہزادہ محمد بن سلمان نے قطر کے امیر تمیم کو جی سی سی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

سعودی ولی عہد نے قطر پہنچنے پر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے دوحہ ریاض تعلقات اور GCC بحران کے بعد ان کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ، شیخ تمیم اور ایم بی ایس کی تازہ ترین ملاقات سے پہلے کئی بار ملاقات ہوچکی ہے لیکن وہ تمام ملاقاتیں قطر سے باہر ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کر لیے اور اس کی فضائی، زمینی اور سمندری ناکہ بندی کر دی تھی ، تاہم GCC اور مصر کی طرف سے رواں سال جنوری میں العلا اعلامیہ پر دستخط کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی دیکھی جارہی ہے۔

اسی سلسلے میں رواں برس اگست میں قطری اور سعودی وفود نے سعودی کے ویژن 2030 اور قطر کے قومی وژن 2030 کے حصے کے طور پر دو خلیجی ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے ایک رابطہ کونسل کے قیام کے لیے ملاقات کی ، اسی ماہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے بھی کہا کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں جب کہ قطر کے امیر تمیم نے بھی بندر محمد عبداللہ العطیہ کو اگست میں سعودی عرب میں ملک کا پہلا سفیر مقرر کیا ، جو 2017 کے جی سی سی کے بحران کے بعد اس طرح کی پہلی تقرری ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں