قطر ایئرویز کا ملتان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

قطر ایئرویز کی ملتان کے لیے فلائٹس 22 فروری سے دوبارہ شروع ہوں گی‘ ابتدائی طور پر ہفتہ وار 3 پروازیں چلائی جائیں گی‘ 27 مارچ سے ہفتے میں 4 فلائٹس چلائی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 فروری 2022 12:26

قطر ایئرویز کا ملتان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 10 فروری 2022ء ) قطر ایئرویز نے ملتان کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ، قطر ایئرویز کی ملتان کے لیے فلائٹس 22 فروری سے دوبارہ شروع ہوں گی ، ابتدائی طور پر ہفتہ وار 3 پروازیں چلائی جائیں گی ، 27 مارچ سے ہفتے میں 4 فلائٹس چلائی جائیں گی ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق قطر ایئرویز کی ملتان کے لیے پروازیں وبائی امراض کے خدشات کے باعث مارچ 2020ء سے بند کی گئی تھیں تاہم اب معروف خلیجی فضائی کمپنی نے پاکستان میں ملتان کے لیے اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ، ملتان کا روٹ ایئربس A320 کے ذریعے چلایا جائے گا جس میں بزنس کلاس اور اکانومی کلاس میں سیٹیں ہوں گی ، ابتدائی طور پر تین ہفتہ وار سروس کے ساتھ پروازیں شروع ہوں گی ، جس کو ہفتہ وار چار تک کیا جائے گا ، جو 27 مارچ سے نافذ العمل ہو گی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قطر ایئرویز کی ملتان پاکستان کے لیے شیڈول پروازیں 22 فروری کو دوبارہ شروع ہوں گی ، ملتان کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں کے اضافے کے ساتھ مسافر اب دنیا کے بہترین ہوائی اڈے حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے ایئرلائن کے وسیع عالمی نیٹ ورک کے 140 سے زائد مقامات تک بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں ، جن میں مشرق وسطیٰ ، یورپ اور شمالی امریکہ کے مشہور مقامات بھی شامل ہیں کیوں کہ ملتان کے لیے یہ نئی سروس مشرق وسطیٰ ، یورپ اور شمالی امریکہ میں پاکستانی کمیونٹیز کو ون سٹاپ کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ قطر ایئرویز کی پرواز QR616 حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رات 8 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی اور صبح 02:00 بجے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی جب کہ قطر ایئرویز کی پرواز QR617 ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے صبح 03 بج کر 25 منٹ پر روانہ ہوگی اور صبح 05 بج کر 15 منٹ پر حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی ، ملتان کے لیے پروازیں دوبارہ شروع ہونے کے بعد ایئر لائن پاکستان کے 6 ہوائی اڈوں کے لیے اور وہاں سے ہفتہ وار 66 پروازیں چلائے گی اور کسی بھی دوسری مکمل سروس عالمی ایئر لائن کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ شہروں میں خدمات انجام دے گی۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں