قطر میں منشیات کے الزام میں زیرحراست بھارتی شہری کے خاندان کا حیران کن دعویٰ

قطری پولیس جس چیز کو منشیات سمجھ رہی ہے وہ ’ ٹیلکم پاؤڈر‘ ہے‘ نواز گرمی سے نمٹنے کے لیے ٹشو پیپر میں لپیٹ کر ٹیلکم پاؤڈر لے جا رہا تھا ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بھارتی باشندے کی فیملی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 فروری 2022 15:18

قطر میں منشیات کے الزام میں زیرحراست بھارتی شہری کے خاندان کا حیران کن دعویٰ
دوحہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2022ء ) قطر میں منشیات کے الزام میں زیر حراست بھارتی شہری کے خاندان کی جانب سے سامنے آنے والے دعوے نے سب کو حیران کردیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد کے رہائشی شخص کو قطر میں منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور وہ جس مادے کو لے کر جا رہا تھا اس کے لیب ٹیسٹ کے نتائج کا ابھی انتظار ہے تاہم اس کے خاندان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ٹیلکم پاؤڈر کو منشیات سمجھ لیا ۔

بتایا گیا ہے کہ ایم بی اے کے فارغ التحصیل محمد نواز کو 11 دسمبر کو قطر میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب بھارتی شہری خلیجی خطے میں ملازمت کی تلاش میں گیا تھا ، اب تقریباً دو ماہ سے قطر میں ایک مشتبہ نشہ آور چیز رکھنے کے الزام میں قید ہے ، تاہم نوجوان اور اس کے اہل خانہ نے اصرار کیا ہے کہ وہ بے قصور ہے اور وہ گرمی سے نمٹنے کے لیے محض چہرے کے ٹشو پیپر میں لپٹا ٹیلکم پاؤڈر لے جا رہا تھا ۔

(جاری ہے)

دکن کرانیکل نے رپورٹ کیا کہ 28 سالہ محمد نواز کو 11 دسمبر کو دوحہ میں کسٹم حکام نے اس وقت حراست میں لیا جب انہیں اس کے لیپ ٹاپ بیگ میں ٹشو پیپر میں لپٹی ہوئی پاؤڈر نما چیز ملی ، مادہ کا نمونہ ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری میں بھیجا گیا ، جس کے نتائج میں مبینہ طور پر ابھی تک تاخیر ہوئی ہے ۔ ادھر قطر میں تلنگانہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ نظام الدین نے بتایا کہ محمد نواز 2021ء میں ملازمت کی تلاش میں دبئی گیا ، جب دبئی میں اس کی ملازمت کی تلاش ناکام ہوئی تو اس نے اپنی تلاش جاری رکھنے کے لیے قطر جانے کا فیصلہ کیا اور وہ 11 دسمبر کو جب دوحہ پہنچا تو اسے ٹشو پیپر میں نشہ آور اشیاء رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا اور تب سے وہ جیل کی کوٹھڑی میں ہے۔

نظام الدین نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر اور دسمبر میں فلو کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج میں تاخیر ہوئی ہے اور ابھی تک حکام کو موصول ہونا باقی ہے ، قطر میں تلنگانہ ویلفیر اسوسی ایشن آئندہ ہفتہ وکلاء اور سفارت خانہ کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے مسئلہ کو حل کرے گی۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں