اسلام آباد میں قطر کے تعاون سے بننے والی مسجد عوام کے لیے کھول دی گئی

یہ وفاقی دارالحکومت کے جدید رہائشی علاقے میں تعمیر کی گئی واحد مسجد ہے جہاں تقریباً 800 افراد کے لیے انتہائی پرسکون ماحول میں نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 اگست 2022 16:10

اسلام آباد میں قطر کے تعاون سے بننے والی مسجد عوام کے لیے کھول دی گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اگست 2022ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قطر کے تعاون سے بننے والی مسجد عوام کے لیے کھول دی گئی، پاکستان میں قطری سفیر نے اسلام آباد میں قطر چیریٹی کی طرف سے فنڈ سے چلنے والی مسجد کا افتتاح کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے حال ہی میں اسلام آباد میں ایک مسجد کا افتتاح کیا جسے قطر چیریٹی (QC) نے تعمیر کیا تھا، انہوں نے اس اقدام پر اپنی خوشی اور تعریف کا اظہار بھی کیا اور پاکستان بھر میں قطر چیریٹی کی کاوشوں کو سراہا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں قطر چیریٹی آفس کے ایک وفد نے قطری سفیر اور مقامی حکومتی عہدیداروں، سفارت کاروں اور مقامی تنظیموں کے ارکان کے ہمراہ افتتاحی تقریب میں شرکت کی، اس مسجد کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ جدید رہائشی علاقے میں واحد مسجد ہے اور اس میں تقریباً 800 افراد کے لیے انتہائی پرسکون ماحول میں نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے، اس مسجد کی تعمیر سے پہلے مقامی لوگوں کو نماز کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنا پڑتا تھا اور بہت سے لوگ باجماعت نماز میں حصہ لینے سے قاصر تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان میں قطر چیریٹی آفس کے ڈائریکٹر امین عبدالرحمن نے مذہبی نقطہ نظر سے مسجد کی اہمیت پر زور دیا جب کہ مسجد عمر ابن الخطاب کے امام قاری محمد فہیم نے بھی قطر میں موجود مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مسجد کی تعمیر میں سہولت فراہم کی۔ دوسری طرف کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں پارکنگ فیس وصول کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے ، اس ضمن میں مسجد کے باہر پوسٹ کردہ ایک سرکاری نوٹس سے معلوم ہوا ہے کہ زائرین کو اب گاڑیوں کے لیے پارکنگ فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ مقامی ٹھیکیدار اس فیصلے پر عمل کریں گے یا نہیں کیوں کہ انہوں نے ماضی میں مبینہ طور پر زائرین سے رقم بٹورنے مختلف حیلوں بہانوں سے اس کی خلاف ورزی کی تھی۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں