قطر میں اجرت نہ ملنے پر کارکنوں کے احتجاج کی ویڈیو وائرل‘ حکومتی ردعمل آگیا

اجرت ادا کرنے کے قانون کی خلاف ورزی میں ملوث اداروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ قطر کی وزارت محنت کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اگست 2022 16:23

قطر میں اجرت نہ ملنے پر کارکنوں کے احتجاج کی ویڈیو وائرل‘ حکومتی ردعمل آگیا
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2022ء ) قطر میں اجرت نہ ملنے پر غیرملکی کارکنوں کے احتجاج کی ویڈیو پر حکومتی ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت محنت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو کلپ کا جواب دیا جس میں مزدوروں کو احتجاج کرتے ہوئے اور متعدد نجی کمپنیوں سے اجرت کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو کلپ میں مختلف قومیتوں کے کارکن سی رنگ روڈ کی سڑک پر مظاہرہ کرتے نظر آرہے ہیں، اس ویڈیو کو ایک مقامی رہائشی کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا گیا، شہری نے اپنی اس ٹویٹ میں وزارت محنت کو بھی ٹیگ کیا۔

شہری کی جانب سے معاملہ سامنے لائے جانے پر قطرکی وزارت محنت کا اس پر ردعمل آیا، جس میں وزارت محنت کی جانب سے اس بات کہ تصدیق کی گئی ہے کہ اجرت ادا کرنے کے قانون کی خلاف ورزی میں ملوث اداروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے کہ وقت پر اجرت ادا کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو ادائیگی کا پابند کرتے ہوئے اجرت کے تحفظ کے نظام کو نافذ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ویجز پروٹیکشن سسٹم (WPS) وزارت محنت و سماجی امور اور قطر سنٹرل بینک کا ایک الیکٹرانک نظام ہے جو 2004ء کے لیبر قانون نمبر (14) کے مطابق مزدوروں کی اجرت کے عمل کی نگرانی اور اس کو دستاویزی شکل دیتا ہے، یہ نظام یقینی بناتا ہے کہ کارکنان اپنی کی اجرتیں منظم طریقے سے اور بروقت وصول کریں۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں