وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات‘ سرمایہ کاری کی دعوت دیدی

دونوں ملک کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 اکتوبر 2024 15:36

وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات‘ سرمایہ کاری کی دعوت دیدی
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اکتوبر 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی سے ملاقات کی جہاں انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ تفصیلات کے مطابق دورہ قطر کے دوران دوحہ میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزیدا ستحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ملک کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جب کہ قطر کے وزیراعظم نے خطے میں پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت کا اظہار کیا اوراقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے قطر کے وژن کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مظبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا بھی اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماں نے تعاون کو فروغ دینے اور ترقی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا، قطر کے وزیراعظم نے افغانستان سمیت خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ تنازع پر قطر کے اصولی موقف اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیےاس کی مسلسل کوششوں کو سراہا، وزیراعظم نے غزہ تنازع کے حل اور اس کے عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے قطر کے انسانی ہمدردی کے اقدامات اور سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔

معلوم ہوا ہے کہ شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے فروغ کے لیے قطر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے مذاکرات کے سہولت کار اور علاقائی تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے قطر کے کردار کو سراہا، انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا، وزیراعظم نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم نے غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کے عزم اور حکمت عملی سے قطر کے وزیراعظم کو آگاہ کیا، محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کا پر تپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے مضبوط تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں