روس نے کورونا کی ویکسین کل12 اگست کو لانچ کرنے کا اعلان کردیا

ویکسین کے انسانوں پر تمام تجرباتی مراحل کامیابی سے مکمل کرلیے ہیں، ویکسین کو کورونا علاج کیلئے کل مارکیٹ میں لانچ کردیا جائے گا۔ روسی نائب وزیر صحت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 11 اگست 2020 15:36

روس نے کورونا کی ویکسین کل12 اگست کو لانچ کرنے کا اعلان کردیا
ماسکو (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 اگست 2020ء) روس نے کورونا وائرس کی ویکسین کل12 اگست کو لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔ روسی نائب وزیر صحت نے کہا کہ ویکسین کے انسانوں پرتمام تجرباتی مراحل کامیابی سے مکمل کرلیے ہیں، ویکسین کو کل مارکیٹ میں لانچ کردیا جائےگا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے سب سے پہلے ویکسین تیار کرلی ہے۔

ماسکو کی گامالیا انسٹی ٹیوٹ اور روسی وزرات دفاع کے اشتراک سے بنائی گئی ویکسین کے تمام یعنی تینوں تجرباتی مراحل مکمل کرلیے گئے ہیں۔ روسی نائب وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کہ ویکسین کے انسانوں پر تینوں کلینیکل ٹرائلز کامیابی سے مکمل ہوچکے ہیں۔ اب ویکسین کو کل مارکیٹ میں علاج کیلئے لانچ کر دیا جائے گا۔ روسی ویکسین بننے کے ساتھ ہی مختلف ممالک کی جانب ویکسین خریدنے کے آرڈرز بھی لیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فلپائنی صدر رودریگو نے روس کی ویکسین خریدنے کی آفر بھی قبول کرلی ہے۔ دوسری جانب چینی ادویہ ساز کمپنی نے بھی کورونا ویکسین کے آخری مراحل کے تجربات سعودی عرب میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی وزارت صحت نے چین کی تیار کردہ ویکسین سے متعلق خوشخبری دی ہے کہ چینی ادویہ ساز کمپنی کے تعاون سے کورونا ویکسین کے آخری مراحل کے تجربات سعودی عرب میں کیے جائیں گے۔

سعودی عرب کے تین بڑے شہروں ریاض، دمام اور مکہ میں ویکسین کے تجربات کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی ادویہ ساز کمپنی ’’سینوا‘‘ کی تیار کردہ ویکسین کے 2 کلینکل ٹرائل انسانوں پر کیے جاچکے ہیں۔ ویکسین اب ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے تجربات میں داخل ہوچکی ہے۔ یہ ٹرائل سعودی عرب میں کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے سعودی عرب اور چینی کمپنی ایک دوسرے کے تعاون سے کام کر رہے ہیں۔ سعودی وزارت صحت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سعودی عرب میں انسانوں پر ویکسین کے تجربات کیلئے5 ہزار رضاکاروں کو شامل کیا جائےگا۔

ماسکو میں شائع ہونے والی مزید خبریں