ریاض: ہیلتھ ورکرز پر زبانی و جسمانی تشدد کرنے والوں کو دس برس قید بھُگتنا ہو گی

جُرم کے مرتکب افراد کو قید کے علاوہ دس لاکھ سعودی ریال کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 31 جولائی 2018 14:30

ریاض: ہیلتھ ورکرز پر زبانی و جسمانی تشدد کرنے والوں کو دس برس قید بھُگتنا ہو گی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جُولائی 2018) سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وزارت صحت کے ماتحت میڈیکل سٹاف کو زبانی اور جسمانی تشددکا نشانہ بنانے کی صورت میں دس سال قید کی سزا سُنائی جائے گی جبکہ 10 لاکھ سعودی ریال کا بھاری جُرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سعودی عرب میں صحت کارکنوں پر جسمانی اور زبانی تشدد کے واقعات میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹروں‘ نرسوں اور ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹروں کی جانب سے عرصہ دراز سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ ان واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی کر کے سخت سزا تجویز کی جائے تاکہ مسیحائی کے پیشے سے جُڑے افراد کسی ذہنی دباؤ اور خوف اور خطرے کے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔ جس پر وزارتِ صحت نے اپنے ماتحت ملازمین کو یقین دلایا تھا کہ اُن کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے گااور ماضی میں تشدد سے متاثرہ میڈیکل سٹاف کو انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کیونکہ طِب ایک مقدس پیشہ ہے اس پیشے سے منسلک افراد کی تضحیک و توہین کسی صورت گوارا نہیں کی جا سکتی۔ جس کے بعد اس قانون کو لاگو کیا گیا۔ وزارت صحت نے اپنے تمام کارکنان کو تاکید کی ہے کہ اگر ان میں سے کسی شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا جائے تو فوری طور پر 937 پر کال کر کے رابطہ کرے تاکہ تشدد کے مُرتکب افراد کے خلاف بِلا تاخیر قانونی کارروائی کر کے اُنہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی مکّہ مکرمہ کے ایک ہسپتال میں معمر مریضہ کے ساتھ آنے والے دو مردوں نے ڈیوٹی پر تعینات نرس سے حد درجہ بدکلامی اور بدتمیزی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ نرس کی جانب سے پولیس میں رپورٹ درج کروانے پر مذکورہ افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ عدالت نے ملزمان کو کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم سے بدتہذیبی کا مظاہرہ کرنے پر پچاس پچاس کوڑوں کی سزا سُنائی تھی۔

عدالتی فیصلے پر ملزمان کے اہلِ خانہ کی جانب سے نرس سے کیس واپس لینے اور معاف کرنے کی استدعا کی گئی۔ تاہم نرس کا کہنا تھا کہ اگر ان ملزموں کو سزا نہ مِلی تو طبی اداروں میں نرسوں کی ساتھ بدتمیزی اور بدکلامی کا سلسلہ پہلے کی مانند جاری رہے گا۔ انہیں سزا مِلنے سے دُوسرے لوگوں کو بھی آئندہ وقت میں عبرت ہو گی۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں