مدینہ: حاجیوں کی سہولت کے لیے 14ہزار افراد بھرتی کئے گئے ہیں

مشہیر ٹرین کے ذریعے لاکھوں افرادکی منیٰ سے عرفات آمد و رفت ممکن ہو سکے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 4 اگست 2018 12:30

مدینہ: حاجیوں کی سہولت کے لیے 14ہزار افراد بھرتی کئے گئے ہیں
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 اگست 2018) امیرِ مکّہ‘ مشیرِ خادمین حرمین شریفین اور مکّہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل نے رواں سال حج سیزن 1439ھ کے آپریشن پلان کی منظوری دے دی ہے۔ اس پلان میں مشہیر ٹرین‘ جمرات پُل‘ ریسٹ رومز کا انتظام و مرمت اور حج خدمات کے ریفرنس ڈیٹا بیس کا قیام اور اُس کی اپڈیٹنگ شامل ہے۔

مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان انجینئر جلال بن عبدالجلیل کاکی نے بتایا کہ یہ پلان امیر مکّہ کی نگرانی میں تشکیل دیا گیا اور ڈپٹی امیر اس پر عمل درآمد کروا رہے ہیں۔ اتھارٹی مدینہ کی زیارت کو آنے والے عازمین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے سرگرم ہے۔ اس حوالے سے تمام محکموں کے درمیان مؤثر اور مسلسل رابطے کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ حفاظتی انتظامات پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

حاجیوں کی سہولت کے پیش نظر14ہزار افراد انتظامی اور تکنیکی نوعیت کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 400مشینیں بھی دستیاب ہیں۔8 ذوالحجہ کو مشہیر ٹرین کی مدد سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ حاجیوں کو منیٰ سے عرفات پہنچایا جائے گا اور پھر منیٰ واپس لایا جائے گا۔ جبکہ تشریق کے دِنوں میں مشہیر ٹرین کے ذریعے سفر کرنے والوں کی گنتی بیس لاکھ سے زیادہ ہو گی۔

اس کے علاوہ جمرات پُل سے متعلقہ تعمیری کام بھی تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ حج کے دوران حاجیوں کی سہولت کے لیے چھتیس ہزار ریسٹ رومزتیار حالت میں ہیں۔ حرمین شریفین میں حاجیوں کی سہولت کے لیے 600 کولر مختلف مقامات پر نصب کیے گئے ہیں جہاں سے حاجیوں کو ٹھنڈا اور صاف پانی میسر ہو گا۔ عبدالجلیل کاکی نے کہا کہ کچھ ممالک کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں خراب تاثر پیش کرنے کی مہم کے تحت حج کے موقع پر ناکافی سہولتوں کا رونا رویا جاتا ہے۔ ایسے سعودی دُشمن عناصر کو کوئی بہانہ نہ مِلے‘ اسی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار پہلے سے بہت بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں