جدہ: حج کے موقع پرسیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا

غیر قانونی طور پر مکّہ میں داخل ہونے والے غیر مُلکیوں پر دس سال کی پابندی عائد ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 اگست 2018 14:11

جدہ: حج کے موقع پرسیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 اگست 2018ء) حج کے موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مکّہ اور مسجد الحرام میں داخل ہونے والے افراد کی نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا۔ حج پرمٹس کے بغیر غیر قانونی طور پر حج کی کوشش کرنے والے سعودیوں اور غیر مُلکیوں کو پکڑنے کے لیے سڑکوں پر خصوصی محافظ تعینات کیے گئے ہیں۔ صرف وہی افراد مکّہ میں داخل ہو سکتے ہیں جن کے پاس حج پرمٹس یا خصوصی داخلہ پاس ہیں۔

مکّہ کو آنے والی تمام شاہراہوں‘ پہاڑی راستوں اور چھوٹی بڑی سڑکوں پر محافظ تعینات ہیں۔ سپیشل فورسز فار روڈ سیکیورٹی کے کمانڈ میجر جنرل زاید التُوئین نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اُن کے ماتحت محافظ غیر قانونی طور پر مکّہ میں داخل ہونے والے افراد سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم شہری کپڑوں میں ملبوس سعودیوں اور خلیجی ممالک کے شہریوں کو چیک پوائنٹس پر نہیں روکا جائے گا۔

ایسے افراد جنہوں نے احرام پہن رکھے ہوں گے مگر اُن کے پاس حج پرمٹ نہیں ہو گا‘ اُنہیں چیک پوائنٹس سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ یہ چیک پوائنٹس مکّہ اور مسجد الحرام کو جانے والی تمام سڑکوں پر قائم کی گئی ہیں۔ التُوئین کے مطابق حج پرمٹس کے بغیر مکّہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر 1لاکھ 88ہزار 4سو 64 افراد کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔ جبکہ 83,764 گاڑیاں بھی حج ضابطے کی خلاف ورزی پر مکّہ میں داخل ہونے سے روک دی گئیں۔

سیکیورٹی اہلکار بار کوڈ ڈیوائسز کی مدد سے چند سیکنڈز میں کسی بھی حج پرمٹ کے اصلی یا جعلی ہونے کا پتا لگا سکتے ہیں۔ ایسے غیر مُلکی جو مکّہ میں حج پرمٹ کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے‘ اُن کے فنگر پرنٹس حاصل کرنے کے بعد اُنہیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ جس کے بعد اُن کے سعودی مملکت میں داخلے پر اگلے دس سال کی پابندی ہو گی۔ لہٰذا جو شخص بھی حج کا ارادہ رکھتا ہے‘ اُسے حج پرمٹ حاصل کرنا چاہیے۔ سیکیورٹی اہلکار کسی بھی شخص کے ساتھ ذرہ بھر بھی نرمی نہیں برتیں گے۔ جبکہ حاجیوں کی ٹرانسپورٹ سے جُڑے لوگوں کو بھی متعلقہ پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔ حاجیوں کو پارکنگ کے لیے مخصوص مقام کے علاوہ کہیں اور اُتارنے والی گاڑیاں بھی ضبط کر لی جائیں گی۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں