جدہ:عازمین حج کی سہولت کے لیے سول ڈیفنس کے 18ہزار اہلکار تیار ہیں

کسی ناگہانی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اہلکار مقدس مقامات اور سڑکوں پر تعینات کیے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 اگست 2018 14:52

جدہ:عازمین حج کی سہولت کے لیے سول ڈیفنس کے 18ہزار اہلکار تیار ہیں
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 اگست 2018ء) حج بیت اللہ کی آمد آمد ہے۔ دُنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج حجاز کی مقدس سرزمین پر پہنچ چکے ہیں۔ یہ حاجی مکّہ میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد مدینہ کا رُخ بھی کریں گے جہاں اللہ کے آخری نبیؐ کا روضہ مبارک اور دیگر مقامات مقدسہ موجود ہیں جن کی زیارت کرنا ہر مسلمان کی زندگی کی بڑی آرزو ہوتی ہے۔

ہر سال سعودی حکومت عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لیے خصوصی انتظامات کرتی ہے تاکہ اُنہیں اپنے مقدس فریضے کی تکمیل میں کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔اس مقصد کے لیے تمام انتظامی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی باعث لاکھوں افراد کے اس رُوح پرور اجتماع کے موقع پر کیے گئے انتظام کو دُنیا بھر کے مسلمان بہت زیادہ سراہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس بار بھی حج کے موقع پرعازمین کو پیش آنے والی ناگہانی صورتِ حال اور ایمرجنسی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان بن عبداللہ العمرو نے بتایا کہ سول ڈیفنس کے اہلکار مکّہ مدینہ اور دیگر مقدس مقامات پر تعینات کیے جا رہے ہیں۔ جو حج کے دوران عازمین اور عبادت گزاروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور کسی ناخوشگوار واقعے یا ایمرجنسی کی صورت میں صورتِ حال پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

اس مقصد کے لیے سول ڈیفنس کے اٹھارہ ہزار ملازم مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔ ان اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی کے سلسلے میں تین ہزار گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ اہلکار اُن مقدس مقامات اور راستوں پر اپنی ڈیوٹی دیں گے جہاں سے عازمین کا گُزر ہو گا۔ حج کے موقع پر لاکھوں افراد کا اجتماع ہوتا ہے۔ اسی بات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مذکورہ اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے کہ کس طرح خدانخواستہ آگ لگنے‘ بھگدڑ مچنے یا کسی فرد کی طبیعت خراب ہونے پر معاملے کو سنبھالنا ہے۔ یہ اہلکار حاجیوں کی رہنمائی بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں