سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا جشنِ آزادی منانے کا منفرد انداز

بحیرہ احمر میں 150 فٹ گہرے پانی میں جا کر یومِ آزادی کا 71 واں کیک کاٹا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 اگست 2018 14:15

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا جشنِ آزادی منانے کا منفرد انداز
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اگست 2018ء) دُنیا کے ہرشخص کو اپنا وطن بہت پیارا ہوتا ہے۔ وہ اپنے وطن کے لیے جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ایک سچا محبِ وطن‘ مُلک کی سلامتی کو اپنے ذاتی مفاد پر حد درجہ مقدم قرار دیتا ہے۔ دُنیا کے ہر مُلک کے باسی اپنا یومِ آزادی یا مملکت کا یومِ تشکیل مناتے ہیں۔ اس موقع پر عوام کا جوش و جذبہ دیدنی ہوتا ہے۔

آج اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یومِ آزادی ہے۔ پاکستان میں بسنے والا ہر شہری خوشی سے نازاں ہے ۔مردوں نے پاکستانی جھنڈے والی شرٹس اور کیپ پہن رکھی ہیں تو خواتین بھی اُن سے پیچھے نظر نہیں آتیں‘ جنہوں نے اس موقع کی مناسبت سے قومی پرچم کے رنگ پر مشتمل لباس تیار کروائے ہیں۔ نوجوان نسل کے چہرے قومی پرچم کے پینٹ سے مزین نظر آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اور بچوں کی سجاوٹ کا تو پوچھیے ہی نہ‘بیجز‘ ٹاپس‘ بینڈز‘ ٹوپیاں‘ ماسک کیا کچھ ایسا ہے جس سے وہ لدے پھندے نظر نہیں آتے۔

اس موقع پر دیارِ غیر میں مقیم پاکستانی بھی بھرپور طریقے سے یومِ آزادی منا رہے ہیں۔ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں‘ جنہیں وطن کی مٹی کی سوندھی سوندھی خشبو بہت یاد آتی ہے۔ آنکھوں سے آنسو چھلک اُٹھتے ہیں۔ زبان پر وطن کی سلامتی کی دُعا اور دِل و رُوح وطن کی محبت سے سرشار ہوتے ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں یحییٰ اشفاق اور عمر جان نے اس بار پاکستان کا یومِ آزادی منفرد انداز سے منایا ہے اور لطف کی بات یہ ہے کہ وطن سے محبت کے اظہار میں اُن کے ساتھ برادر اسلامی ممالک سعودی عرب‘ مصر اور فلسطین کے باشندے بھی اظہارِ یک جہتی کے طور پر شریک نظر آتے ہیں۔

آدھ درجن کے قریب افراد نے یومِ پاکستان کو یادگار بنانے کے غوطہ خوروں کا لباس پہنا اور بحیرہ احمر میں 150 فٹ گہرے پانی میں جا کرپاکستان کے 71ویں یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس شاندار موقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلامی ممالک کے باشندوں پر مشتمل اس غوطہ خور ٹیم نے پاکستانی پرچم تھام رکھے ہیں۔ جبکہ ایک پرچم پر پاکستان کے اگلے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان کے ویژن کے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

یہ افراد سمندر کی تہہ میں بڑے پُرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے دکھائی دے رہے ہیں اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دُعائیں بھی مانگ رہے ہیں اور ان کے سامنے سینکڑوں کی گنتی میں رنگ برنگی مچھلیوں کی موجودگی اس منظر کو مزید دلفریب بنا رہی ہے۔ آپ بھی اس انوکھے اندازِ جشن کی ویڈیو سے محظوظ ہوں۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں