جدہ: تُرکی نے خاشقجی سے متعلق آڈیو امریکا کو فراہم کرنے کی تردید کر دی

امریکی وزیر خارجہ نے بھی اس حوالے سے افواہوں کو غلط قرار دے دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اکتوبر 2018 12:12

جدہ: تُرکی نے خاشقجی سے متعلق آڈیو امریکا کو فراہم کرنے کی تردید کر دی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر2018ء) تُرک وزیر خارجہ نے ان افواہوں کی واضح الفاظ میں تردید کر دی ہے کہ تُرکی کی جانب سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت کے حوالے سے کوئی آڈیو امریکا کو فراہم کی گئی ہے یا کسی اور مُلک کو ایسی کوئی اطلاعات فراہم کرنے کا ارادہ ہے۔ تُرک وزیر انصاف نے بھی ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تُرک حکام کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو کوئی ایسی آڈیو فراہم نہیں کی گئی اور ہی کسی اور امریکی عہدے دار کو اس سلسلے کی کوئی ریکارڈنگ پیش کرنے کا ارادہ ہے۔

تُرک حکام کی جانب سے خاشقجی معاملے کی شفاف انداز سے تحقیقات جاری ہیں اور جو جو کچھ سامنے آ رہا ہے، اُس سے پُوری دُنیا کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس معاملے کی تفصیلی اور مجموعی رپورٹ تحقیقاتی کمیشن کی جانب سے وضع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تُرک حکومت خاشقجی سے متعلق کسی بھی نوعیت کی معلومات کو کسی دُوسرے مُلک کو فراہم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

واضح رہے کہ امریکی چینل اے بی سی نیوز نے رپورٹ جاری کی تھی کہ امریکی وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران جمال خاشقجی کی گم شدگی کے اہم راز سے پردہ اُٹھانے والی آڈیو ریکارڈنگ سُنوائی گئی ہے۔ تاہم امریکی وزیر خارجہ نے اے بی سی نیوز والوں کو واشگاف الفاظ میں بتا دیا ہے کہ اُن کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے، نہ تو انہیں تُرک حکام کی جانب سے کوئی ریکارڈنگ سُنوائی گئی اور نہ کوئی دستاویز دکھائی گئی ہے۔

اے بی سی نیوز والوں کی رپورٹ سراسر گُمراہ کُن ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی حکام کی جانب سے جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اور سعودی حکام نے اس  معاملے میں ملوث 18 افراد کو بھی زیر حراست لیا ہے جن پر تلخ کلامی کے بعد ہونے والی ہاتھا پائی کے دوران سعودی صحافی خاشقجی کو جان سے مارنے کا الزام ہے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں