جدہ:آسمانی بجلی گرنے کے باعث دو پاکستانی جاں بحق

دونوں پاکستانی ایک پٹرول پمپ کے عقب میں مردہ حالت میں پائے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 اکتوبر 2018 12:47

جدہ:آسمانی بجلی گرنے کے باعث دو پاکستانی جاں بحق
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 اکتوبر2018ء) گزشتہ چند روز سے مملکت کے کئی علاقے مُوسلا دھار بارش اور طوفانی بجلی کی لپیٹ میں ہیں۔ بلکہ کئی مقامات پر تو بارش کا پانی سیلابی ریلے کی صورت میں بہہ رہا ہے۔ بُدھ کے روز جدہ کے علاقے میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں دو پاکستانی چرواہے آسمانی بجلی گرنے کے باعث اپنی زندگیوں سے محروم ہو گئے۔

تاہم اُن کی موت کے بارے میں اطلاع جمعرات کو مِلی جب ایک شخص اُن کے قریب سے گزرا۔ اس شخص نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع نزلتین پولیس اسٹیشن کو دی۔ جس پر پولیس کے تفتیشی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق حی الخمرہ کے علاقے میں الحجاز پٹرول پمپ کے پیچھے دو چرواہوں کی لاشیں مِلیں۔ جن کے موبائل بھی اُن کے پاس ہی پڑے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ اُن کی لاشیں متعدد مقامات سے جلی ہوئی تھیں، جو اس بات کا ثبوت تھا کہ اُن پر آسمانی بجلی گِری ہے۔

دونوں افراد کی موت بُدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو ہوئی جب بڑی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی، تاہم اُن کی موت کے بارے میں جمعرات کے روز اُس وقت پتا لگا جب ایک راہگیر وہاں سے گُزر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ بدنصیب افراد کی لاشوں کو جدہ کے مُردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں ضروری کارروائی کے بعد اُنہیں واپس پاکستان بھیج دیا جائے گا۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں