جدہ میں عنقریب 12 سکرینز والا سینما کھُلنے جا رہا ہے

12 ہال والے اس سینما میں بیک وقت 12 فلمیں دکھائی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 30 اکتوبر 2018 13:50

جدہ میں عنقریب 12 سکرینز والا سینما کھُلنے جا رہا ہے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر2018ء) جنرل اتھارٹی فار آڈیو وژوئل میڈیا کی جانب سے گزشتہ سال دسمبر میں فیصلہ لیا گیا تھا کہ مملکت میں جلد ہی درجنوں سینما گھر عوام کی تفریح کی غرض سے کھول دیئے جائیں گے۔ اس تفریحی سرگرمی کی بحالی کے فیصلے کو مملکت بھر میں بہت پذیرائی مِلی۔ جدہ کے مشہور ریڈ سِی مال کی جانب سے ایک جدید طرز کا سینما قائم کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے مالک کے مارکیٹنگ منیجر محمد العسیری کا کہنا ہے کہ یہ سینما رواں سال کے اختتام سے قبل عوام کی تفریح کے لیے کھول دیا جائے گا۔ یہ سینما ایک علاقائی کمپنی Vox کی جانب سے تعمیر کیا گیا ہے۔ آٹھ ہزار مربع میٹر کے وسیع رقبے پر پھیلے اس سینما گھر میں ایک درجن ہال موجود ہوں گے جن میں فلم بینوں کے لیے مجموعی طور پر 1,472 سیٹیں موجود ہوں گی۔

(جاری ہے)

ان ہالز میں سٹینڈرڈ اور وی آئی پی ہالز کے علاوہ بچوں کے لیے الگ ہالز بھی شامل ہیں۔جبکہ ایک ہال میں IMAX سکرین بھی نصب کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ 4DXآڈیٹوریم میں موشن کنٹرولڈ سیٹس کی سہولت بھی موجود ہے۔ جبکہ معذور افراد کے لیے بھی خصوصی نشستیں نصب کی گئی ہیں۔ سٹینڈرڈز ہال میں 130 یا 165 نشستیں رکھی گئی ہیں۔ ہر گولڈن (وی آئی پی) ہال میں 48 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔

IMAX ہال میں فلم بینوں کے لیے 280 نشستیں فراہم کی گئی ہیں اور 4DX ہال میں 62 سیٹیں موجود ہوں گی۔ جبکہ بچوں کے لیے مخصوص ہر ہال میں سیٹوں کی گنتی 66ہو گی۔ IMAX سکرین تیرہ میٹر چوڑی اور24 میٹر لمبی ہو گی، جو کہ حجم کے اعتبار سے دس ریگولر سکرین کے برابر ہو گی۔ سو اس سکرین پر فلم دیکھنا عام سینما سکرین کے مقابلے میں بڑا منفرد اور شاندار تجربہ ہو گا۔

اس سینما گھر کے لیے ٹکٹس آن لائن اور موقع پر موجود کاؤنٹر سے بھی خریدی جا سکیں گی۔ جبکہ اپنی مرضی کی سیٹ منتخب کرنے کی آپشن بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ ان سینما ہالز میں زیادہ تر ایسی فیملی موویز دکھائی جائیں گی جن سے ہر عمر کے افراد کے ذوق کی تسکین ہو تی اور وہ مملکت کی سماجی اور عوامی اقدار کی ترجمان ہوں۔ شاپنگ مال کے گیٹ نمبر 9 کو سینما گھر میں داخلے کی مناسبت سے ’انٹرٹینمنٹ گیٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ Vox کمپنی کی جانب سے اگلے پانچ سالوں کے دوران مجموعی طور پر دو ارب سعودی ریال کی سرمایہ کاری جا رہی ہے جس کے تحت مملکت بھر میں 600 فلم سکرینز نصب کی جائیں گے اور 300ہزار افراد کو ملازمت کے مواق میسر آئیں گے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں